این سی سی آئی اے نے یوٹیوبر رجب بٹ، انس علی اور اقراء کنول کو 15 ستمبر کو طلب کر لیا

یوٹیوبرز کو نوٹسز جاری
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے جوئے کی ایپلی کیشن کی تشہیر کے معاملے میں معروف یوٹیوبرز رجب بٹ، انس علی اور اقراء کنول کو طلب کرتے ہوئے نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی اداکارہ کا 14سالہ بیٹا منشیا ت کی زیادتی سے ہلاک ہو گیا
پیش ہونے کی ہدایت
تفصیلات کے مطابق، این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں واضح کہا گیا ہے کہ تمام یوٹیوبرز 15 ستمبر کو صبح 11 بجے گلبرگ 2 میں واقع دفتر میں پیش ہوں اور اپنا بیان ریکارڈ کروائیں تاکہ منصفانہ ٹرائل کو یقینی بنایا جا سکے۔ بصورتِ دیگر، عدم پیشی کی صورت میں یہ سمجھا جائے گا کہ آپ کے پاس اپنے دفاع میں پیش کرنے یا بیان دینے کے لیے کچھ نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد میں بڑی توند والے پولیس ملازمین کیلئے خصوصی جم کا قیام
سماجی میڈیا سٹارز کی طلبی
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سوشل میڈیا سٹارز کو 9 ستمبر کو طلب کرتے ہوئے نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔ ان پر آن لائن ٹریڈنگ ایپس کے ذریعے مالیاتی فراڈ میں ملوث ہونے، نوجوانوں کو آن لائن جوا کھیلنے والی ایپ میں سرمایہ کاری پر اکسانے، اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو استعمال کرتے ہوئے آن لائن جوا سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا الزام ہے۔ ان کے خلاف یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے غیر رجسٹرڈ و غیر لائسنس یافتہ آن لائن ایپس میں سرمایہ کاری پر قائل کر کے عوام کی محنت کی کمائی لوٹنے کے لیے ایک منصوبہ بندی شدہ اسکیم تیار کی۔
پہلے ہونے والی کارروائی
واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے 17 اگست کو کارروائی کرتے ہوئے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آن لائن جوئے کی ایپس کو فروغ دینے کے الزام میں معروف یوٹیوبر سعد الرحمان ذوالفقار عرف ڈکی بھائی کو گرفتار کیا تھا۔