خیبر پختونخوا میں 2 نئے پولیو کیسز کی تصدیق، تعداد 26 ہو گئی
 
			پشاور میں پولیو کے نئے کیسز کی تصدیق
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی خیبر پختونخوا کے اضلاع لکی مروت اور شمالی وزیرستان میں 2 نئے پولیو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں پی ٹی آئی دور میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے 310 گاڑیوں کی خلاف ضابطہ خریداری کا انکشاف
کیسز کی تفصیلات
ذرائع این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کی یوسی میر علی 2 کی 19 ماہ کی بچی میں اور لکی مروت کی یوسی سلمان خیل کی 11 ماہ کی بچی میں پولیو کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے بعد ملک میں رواں سال کے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 26 تک پہنچ گئی ہے۔ رواں سال خیبرپختونخوا سے 18، سندھ سے 6، پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک، ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا۔
پولیو مہم کا آغاز
نیشنل ای او سی کے مطابق وائرس کی روک تھام کے لیے جنوبی خیبر پختونخوا میں اعلیٰ معیار کی پولیو مہم جاری ہے۔ پولیو مہمات بچوں کو اس لاعلاج بیماری سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ جنوبی خیبرپختونخوا، باجوڑ اور اپر دیر میں آج سے پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔ رواں ہفتے کی مہم میں 16 لاکھ 85 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ والدین سے اپیل ہے کہ ہر مہم میں اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔
 
				








 
  