والدین سروائیکل کینسر کی ویکسین پر اعتماد کریں اور بچیوں کو لازمی طور پر لگوائیں: وزیر تعلیم پنجاب

وزیر تعلیم کا بيان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ سروائیکل کینسر کی ویکسین پولیو ویکسین کی طرح بالکل محفوظ، مؤثر اور مستند ہے۔ اسے لگوانے سے کسی بھی بچی کو کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ بحیثیت وزیر تعلیم اور ذمہ دار شہری، اس ویکسین کے سو فیصد محفوظ ہونے کی گارنٹی دیتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ریاست بہار میں ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے سے 25 افراد ہلاک
سماجی چیلنج کے طور پر سروائیکل کینسر
وزیر تعلیم نے کہا کہ سروائیکل کینسر ایک بڑھتا ہوا سماجی چیلنج ہے۔ یہ مرض صرف پاکستان نہیں، دنیا بھر کے لیے سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ اس سے بچاؤ کیلئے حکومت کی ہدایات پر عمل کرنا اور ویکسینیشن کی قومی مہم میں شامل ہونا نہایت ضروری ہے۔ میں نے اپنی فیملی کی بچیوں کو بھی پی ایچ وی ویکسین لگوائی ہے، اس ویکسین کے حوالے سے تمام افواہیں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔
والدین کی ذمہ داری
وزیر تعلیم نے کہا کہ والدین اس ویکسین پر اعتماد کریں اور اپنی بچیوں کو لازمی طور پر لگوائیں۔ اس حوالے سے افواہوں پر کان نہ دھریں اور گمراہ کن باتوں سے بچیں۔ کینسر لاعلاج مرض ہے، اس کا راستہ ابھی سے روکنا ہوگا۔ تمام سکولوں میں اس حوالے سے خصوصی آگاہی سیشن کا انعقاد بھی کریں گے جس میں والدین کو سروائیکل کینسر کے بارے میں آگاہی دے جائے گی۔