معاشرے میں تمام تر خرابیاں اور مسائل بدنیتی، نااہلی اور غیردانشمندانہ پالیسیوں کے پیدا کردہ ہیں،جرائم میں اضافے نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔

مصنف: رانا امیر احمد خاں
قسط: 171
شریعت بل کی تشکیل
شریعت بل کو تمام سیاسی رہنماؤں کی باہمی مشاورت سے جامع اور خامیوں سے پاک بنایا جائے۔ لاہور 3 ستمبر 1998ء پاکستان لائیرز کونسل کا اجلاس زیر صدارت کنوینر رانا امیر احمد خاں ایڈووکیٹ منعقد ہوا۔ جس میں مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ معاشرے میں تمام تر خرابیاں اور مسائل سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کی بدنیتی، نااہلی اور غیردانشمندانہ پالیسیوں کی پیدا کردہ ہیں۔ جنہوں نے گزشتہ پچاس سالوں میں ہمیشہ اپنے اقتدار کو دوام بخشنے کے لیے اسلام کا نام استعمال کیا ہے لیکن اسلامی احکامات اور قرآنی تعلیمات کے مطابق اسلامی تعزیرات کے معاشرے میں نفاذ کے لیے کبھی مخلص نہ رہے ہیں جس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج وطن عزیز میں ہر شعبہ ہائے زندگی انحطاط پذیر ہے۔
عوام کی مشکلات
مہنگائی، بے روزگاری، رشوت، کرپشن، دہشت گردی اور آئے دن چوری ڈاکے اور دیگر سنگین اور قبیح جرائم میں اضافے نے عوام کا جینا دوبھر بنا دیا ہے۔ اندریں حالات پاکستان لائیرز کونسل کا یہ اجلاس موجودہ حکومت کی جانب سے آئین میں پندرہویں ترمیم کے ذریعے قرآن و سنت کو سپریم لاء قرار دینے کے عزم کا خیرمقدم کرتا ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس بارے میں تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کو اعتماد میں لے، باہمی مشاورت کرے، تاکہ اس بِل کے بارے میں کسی اختلاف رائے کی گنجائش نہ رہے اور یہ متفقہ طور پر منظور ہو سکے۔ ورنہ شریعت بل کی مخالفت کرنے والی جماعتیں نہ صرف عوامی تائید و حمایت سے محروم ہونگی بلکہ عوام کے غیظ و غضب کا نشانہ بھی بنیں گی۔
عدالتی نظام میں تبدیلی
شرکائے اجلاس نے مزید اظہار خیال کرتے ہوئے اس امر کا بھی اظہار کیاکہ قرآن و سنت کو سپریم لاء قرار دئیے جانے کے بعد ہماری عدالتیں اللہ اور رسولؐ کے احکامات کے مطابق فیصلے کرنے کی پابند ہونگی جس سے انصاف کو سہل اور سستا بنانے اور فوری انصاف کی فراوانی میں مدد ملے گی۔ اجلاس سے خطاب کرنے والوں میں چودھری محمد ظفر اقبال، ایس۔ ایم۔ شفیق، عرفان سعید، مختار شیرازی، میاں اسلم خالد، راؤ نسیم حیدر، عبدالمجید جنجوعہ، ایس۔ اے۔ ارشاد اور رانا طاہر محمود ایڈووکیٹس شامل تھے۔
امریکہ کے خلاف قرارداد ہائے مذمت
افغانستان اور سوڈان پر امریکی حملوں اور پاکستان کی حدود میں کروز میزائل پھینکنے پر امریکہ کے خلاف قرارداد ہائے مذمت۔
پریس ریلیز
27 اگست 1998ء پاکستان لائیرز کونسل کے سٹڈی گروپ کا ہفتہ وار اجلاس زیر صدارت کنوینر رانا امیر احمد خاں ایڈووکیٹ منعقد ہوا۔ اجلاس میں افغانستان اور سوڈان پر امریکی حملوں کے بعد پاکستان کی سلامتی کو درپیش خطرات پر غور و خوض کیا گیا۔ اظہار خیال کرنے والوں میں چودھری غلام مصطفی بندیشہ، سردار عبدالمجید ڈوگر، چودھری ظفر اقبال، عرفان سعید، ایس ایم شفیق، سید مختار شیرازی، راؤ نسیم حیدر، پروفیسر یامین الدین، احمد یار اور چودھری ایس اے ارشاد ایڈووکیٹس شامل ہیں۔
(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب "بک ہوم" نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں) ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔