وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے غربت جیسی سماجی ناانصافی جنم لیتی ہے: وزیر اعلیٰ

وزیراعلیٰ پنجاب کا پیغام
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عالمی یوم تخفیف غربت پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ عالمی یوم تخفیف غربت منانے کا مقصد بنیادی ضروریات سے محروم کروڑوں انسانوں کی طرف اقوام عالم کی توجہ مبذول کروانا ہے۔ ترقی پذیر ممالک کے لئے تخفیف غربت کا ہدف خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے غربت جیسی سماجی ناانصافی جنم لیتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پارٹی میں واپسی کے لیے مشورہ، پی ٹی آئی رہنماؤں نے شیر افضل مروت کو اہم مشورہ دیدیا
غربت کے خلاف اقدامات
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہیلتھ، ایجوکیشن سمیت دیگر سہولیات کا کسی طبقے تک محدود ہونا بھی غربت کی کمی میں حائل سماجی ناانصافی ہوتا ہے۔ حکومت پنجاب نے آسان کاروبار بزنس کارڈ، آسان کاروبار فنانس کے ذریعے ہزاروں افراد کے لئے روزگار کے شاندار مواقع پیدا کیے۔ لاکھوں ورکروں اور محنت کشوں کے لئے راشن کارڈ پراجیکٹ تخفیف غربت کے لئے اہم اقدام ہے۔ حکومت پنجاب نوجوانوں کو صنعتی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق آئی ٹی اور دیگر ٹیکنیکل ایجوکیشن میں مواقع فراہم کر رہی ہے۔
مستقبل کے پراجیکٹس
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی، روڈا اور راوی گرین سٹی جیسے پراجیکٹس سے لاکھوں افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ حکومت پنجاب کے صرف ایک ستھرا پنجاب پراجیکٹ کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع حاصل ہونا ایک ریکارڈ ہے۔ پسماندہ اور دوردراز اضلاع کے عوام کو صحت، تعلیم اور ٹرانسپورٹ کی جدید ترین سہولتوں کے تاریخی پراجیکٹ کا آغاز ہو چکا ہے۔ تخفیف غربت اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری ہمارے اہداف میں سرفہرست ہے۔