دہشتگردی کسی طور قابلِ قبول نہیں، کوئی حملہ کریگا تو اسکا ادھار نہیں رکھیں گے، رانا ثنا اللہ

رانا ثنا اللہ کا بیان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہماری پالیسی بڑی واضح ہے کہ ہم کسی پر حملہ آور نہیں ہوں گے۔ اگر کوئی ہمارے اوپر حملہ کرے گا تو اس کا ادھار نہیں رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کا ٹاس ہو گیا
دہشت گردی کے مسائل
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پچھلے 40 سال سے دہشت گردوں سے مذاکرات ہی ہوتے رہے ہیں، اور کیا نتیجہ نکلا ہے۔ دہشت گردی کسی طور پر قابلِ قبول نہیں، گڈ اور بیڈ طالبان کی تھیوری بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ ایک طرف وہ ہمارے لوگوں کو شہید کریں اور دوسری طرف مذاکرات کریں، ہمارا مطالبہ یہی ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیاں بند کی جائیں۔ دہشت گردی کی کارروائیاں پہلے بند کی جائیں، پھر بات ہوسکتی ہے۔ ہم نے افغانستان کا ہمیشہ ساتھ دیا، انتہائی افسوس ہے کہ اس طرف سے ہمیشہ تکلیف ملتی رہی۔ ہم مزید اپنے پیاروں اور افسروں کے جنازے نہیں اٹھا سکتے۔
مسلم لیگ (ن) کی سیاسی حیثیت
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) سیاست کو فروغ دینے والی جماعت ہے اور یہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کی حامی نہیں رہی۔ پنجاب حکومت نے وفاق کو ایک مذہبی جماعت پر پابندی کی درخواست کردی ہے، اور وفاقی کابینہ پنجاب حکومت کی درخواست پر فیصلہ کرے گی۔