پنڈی ٹیسٹ: افریقی ٹیم 404 رنز پر آؤٹ، پاکستان کے خلاف 71 رنز کی برتری

پنڈی ٹیسٹ کا شاندار کم بیک
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقی ٹیل اینڈرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے ٹیم کو خسارے سے نکال دیا۔
پہلی اننگز کی کارکردگی
پنڈی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 404 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کیخلاف 71 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
تیسرے روز کا آغاز
دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کا آغاز ہوتے ہی پاکستان نے پہلے اوور میں کامیابی حاصل کر لی، جنوبی افریقا نے 185 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تو آصف آفریدی کی چوتھی گیند پر کائل ویرین محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔
بعدازاں سیٹ بلے باز ٹرسٹن سٹبس 76 رنر بنا کر پویلین لوٹ گئے اور ان کے بعد آنے والے نئے بیٹر سائمن ہارمر بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور محض 2 رنز بنا کر آصف آفریدی کا شکار بنے۔
آصف آفریدی پاکستان کی جانب سے ڈیبیو پر 5 وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے لیفٹ آرم سپنر بن گئے ہیں۔
دوسرے روز کی مختصر رپورٹ
گزشتہ روز پاکستان نے کھیل کے دوسرے دن اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 259 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو سعود شکیل 42 اور آغا سلمان 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اور سعود شکیل نے اپنی ففٹی مکمل کی۔
بعدازاں سلمان علی آغا کچھ دیر مزاحمت دکھانے کے بعد 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ ان کے جانے کے بعد سعود شکیل بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 66 رنز بنا کر کیشو مہاراج کا شکار ہو گئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ 2 وکٹیں سائمن ہارمر اور ایک وکٹ کگیسو ربادا کے حصے میں آئی۔
پہلے روز کی سرگرمیاں
قبل ازیں پہلے روز راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا جو زیادہ اچھا نہ رہا۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 35 کے مجموعی سکور پر گری جب اوپنر امام الحق 17 رنز بنا کر آف سپنر ہارمر کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
چوتھے نمبر پر آنے والے بابر اعظم کی اننگز بھی مختصر رہی، انہوں نے صرف 16 رنز سکور کیے اور بعد میں محمد رضوان اور شان مسعود بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔
ٹیم کی تبدیلیاں
پاکستانی سکواڈ میں ایک کھلاڑی کی تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ باؤلر حسن علی کی جگہ آصف آفریدی کو شامل کیا گیا ہے، جو آج اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔
جنوبی افریقی ٹیم کی تشکیل بھی مستحکم ہے، جس میں کپتان ایڈن مارکرم اور دیگر اہم کھلاڑی شامل ہیں۔
پاکستان ٹیم مہمانوں کو کلین سویپ کرنے کیلئے پرعزم ہے، گرین شرٹس نے لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پروٹیز کو 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔