فراڈ کے شکار صہیب مقصود کو 9 ماہ بعد اپنی گاڑی واپس مل گئی، کرکٹر کا مریم نواز سے اظہار تشکر
صہیب مقصود کو 9 مہینے بعد اپنی گاڑی مل گئی
ملتان(ڈیلی پاکستان آن لائن) فراڈ کے شکار پاکستانی کرکٹر صہیب مقصود کو بالآخر 9 ماہ بعد اپنی گاڑی واپس مل گئی۔ صہیب مقصود نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ میں دل کی گہرائیوں سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر داخہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میری گاڑی تقریباً 9 ماہ بعد واپس دلوانے میں مدد کی۔
یہ بھی پڑھیں: کوشش ہے پاکستان کو ڈیجیٹل حب پر پہنچائیں، 3 سال تک فائبر نیٹ کو 60 فیصد تک لے جائیں گے، شزا فاطمہ
سچ کی فتح
انہوں نے کہا کہ سچ ہمیشہ کی جیت ہوتی ہے، الحمدللّہ۔ صہیب مقصود کا کہنا تھا کہ میں آر پی او ملتان اور سی پی او ملتان کا بھی بے حد شکرگزار ہوں جنہوں نے اس معاملے کو ذاتی طور پر دیکھا اور فوری کارروائی کی۔ کرکٹر نے بتایا کہ پنجاب حکومت اور پنجاب پولیس گزشتہ 3، 4 دن سے مجھ سے مسلسل رابطے میں رہی۔
یہ بھی پڑھیں: اور اب پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام میں بھارت میں گرفتاریاں، گرفتار ہونیوالے کون، تعلق کس ریاست سے ہے؟ جانیے
فراڈ کا معاملہ
یاد رہے کہ صہیب مقصود کے ساتھ گاڑی فروخت کرنے کے دوران بڑا مالی فراڈ ہوگیا تھا جس پر انہوں نے پنجاب حکومت سے مدد کی اپیل کی تھی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر صہیب مقصود نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے فراڈ کا معاملہ واضح کیا تھا۔ کرکٹر نے بتایا تھا کہ 'میں نے 9 ماہ قبل اپنی پرانی گاڑی ملتان کے ایک شوروم کے ذریعے فروخت کی تھی، گاڑی خریدنے والے شخص نے 60 لاکھ روپے دینے کے بعد گاڑی مجھ سے لے لی اور کہا کہ وہ بقیہ ادائیگی کے ساتھ گاڑی کے کاغذات مجھ سے لے جائے گا'۔
یہ بھی پڑھیں: بہاولنگر: دہشتگردی کی کوشش ناکام، بھارتی خفیہ ایجنسی کے دو دہشتگرد گرفتار
پیسے کی واپسی کا مطالبہ
کرکٹر کے مطابق 'اس کے بعد 8 ماہ تک میں اس شخص سے پیسے مانگتا رہا لیکن مجھے نہیں دیے گئے، جس کے بعد میں اس گاڑی کو ٹریک کرکے اس کے مالک تک لاہور جا پہنچا۔ جب میں نے وہاں جاکر انہیں بتایا کہ یہ میری گاڑی ہے جس کی قیمت مجھے نہیں ملی اور اس کے کاغذات بھی اب تک میرے پاس ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ یہ گاڑی تو ہم خرید چکے ہیں، میرے اصرار پر انہوں نے مجھ سے بدتمیزی کی'۔
سیاسی اثر و رسوخ کا مظاہرہ
صہیب مقصود نے مزید بتایا کہ 'بعد ازاں مجھے گاڑی شو روم سے خریدنے والے شخص نے کہا کہ ان کے دیے ہوئے 60 لاکھ واپس کرکے ہم گاڑی واپس لے آتے ہیں'، 'جب ہم پیسے لے کر دوبارہ لاہور پہنچے، ان لوگوں نے اپنے سیاسی اثر و رسوخ کی وجہ سے مجھ سے انتہائی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا اور کہا کہ اس گاڑی کو کوئی ہاتھ بھی نہیں لگا سکتا'۔ کرکٹر نے کہاکہ ان لوگوں نے مجھ سے 70 لاکھ کی رقم لیکر ایک فورچیونر گاڑی مجھے دے دی، جس کے بعد اس گاڑی کے کاغذات جعلی نکلے تو میں نے وہ گاڑی واپس کردی۔ اب میری 70 لاکھ کی رقم بھی ان لوگوں کے پاس ہے اور میری پہلے فروخت کی گئی گاڑی کی رقم ڈیڑھ کروڑ بنتی ہے۔








