مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 14 ویں برسی دبئی میں منائی گئی
پاکستان پیپلزپارٹی کی تقریب
مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 14 ویں برسی
دبئی (طاہر منیر طاہر) - پاکستان پیپلزپارٹی گلف/مڈل ایسٹ کی جانب سے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 14 ویں برسی دبئی میں منائی گئی۔ برسی کی تقریب کا اہتمام عرفان قمر گوندل نے کیا جبکہ صدارت سیکریٹری انفارمیشن ذوالفقار علی مغل نے کی۔ تقریب میں ذوالفقار علی مغل، عرفان قمر گوندل، رائے سعید منج، رضوان عبداللہ، شفیق الرحمن صدیقی، عرفان جمانی، عمران منج، انس الرحمن، خضر حسین و دیگر پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا وقت تبدیل
شرکاء کی طرف سے خراج عقیدت
اس موقع پر شرکائے تقریب نے بیگم نصرت بھٹو کو ان کی سیاسی جدوجہد پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ مقررین نے کہا کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو پاکستان کی سیاست میں ایک عظیم اور باوقار شخصیت تھیں۔ ان کا شمار ان چند خواتین میں ہوتا ہے جنہوں نے جمہوریت، عوامی حقوق، اور معاشرے میں خواتین کے کردار کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔

بیگم نصرت بھٹو کی قربانیاں
مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو جب وقت کے آمر ڈکٹیٹر نے تختہ دار پر چڑھایا تو بیگم نصرت بھٹو نے ہمت نہ ہاری، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سنبھالی اور پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کے لیے آمریت کے خلاف ڈٹ گئیں، جیل گئیں اور جمہوریت کی خاطر صعوبتیں برداشت کیں۔ بیگم نصرت بھٹو نے مارشل لا کے خلاف آواز بلند کی اور تحریک بحالیٔ جمہوریت (MRD) میں بھرپور کردار ادا کیا۔ انہیں ان کی جمہوری جدوجہد، قربانیوں اور ثابت قدمی کے باعث "مادرِ جمہوریت" کا خطاب دیا گیا۔ بیگم نصرت بھٹو کا نام ہمیشہ پاکستان کی جمہوری تاریخ میں عزم، قربانی، اور خواتین کے وقار کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔








