ہمارا دل مقبوضہ کشمیر کے اسیر عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے، پاکستان تحریک انصاف کا ’’یوم سیاہ ‘‘ پر پیغام
یوم سیاہ کشمیر
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف نے یوم سیاہ کشمیر (27 اکتوبر) پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج، 27 اکتوبر، یوم سیاہ کشمیر ہے، انسانی تاریخ کا وہ تاریک ترین دن جب سفاک بھارتی افواج نے جموں و کشمیر پر ناجائز طور پر قبضہ کر کے کشمیریوں پر ظلم کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کر دیا۔ آج پاکستان تحریک انصاف ملک اور دنیا بھر میں اپنے ان مظلوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے، جو پچھلے 7 دہائیوں سے بھارتی ظلم، ریاستی دہشت گردی اور غیر قانونی قبضے کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہمارا دل مقبوضہ کشمیر کے اسیر عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے، جو آج بھی اپنی آزادی اور حق خودارادیت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے خلاف دائر نظرثانی درخواستیں باضابطہ سماعت کیلئے منظور
بھارتی جبر کا مقابلہ
بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور تمام انسانی اصولوں کو پامال کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو آج تک صلب کیا ہوا ہے۔ بھارتی جبر اور فوجی محاصرہ نہ تو کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا سکتا ہے اور نہ ہی ان کی جدوجہد کو جھکا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 12 اپریل کو لاہور میں عام تعطیل کا اعلان،نوٹیفکیشن جاری
سابق وزیراعظم کی جدوجہد
بطور قوم، ہم وہ عہد نہیں بھول سکتے جو سابق وزیراعظم اور ہمارے قائد عمران خان نے کشمیر کے سفیر کے طور پر کیا تھا۔ انہوں نے کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اس جرأت سے اٹھایا کہ مودی سرکار کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا۔ ہمارا غیر متزلزل عزم ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت آخری سانس تک جاری رکھیں گے۔
عالمی برادری سے مطالبہ
پاکستان تحریک انصاف عالمی برادری سے بھرپور مطالبہ کرتی ہے کہ دنیا بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ کرے، قابض بھارتی فوجی محاصرہ ختم کرائے، اور انہیں اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حق خودارادیت دلانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ ہم یقین رکھتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی کی صبح ضرور طلوع ہوگی اور ان کی لازوال جدوجہد انشاء اللہ کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔








