کسٹمز حکام کی کوئٹہ، کراچی اور گڈانی میں کارروائیاں، بڑی مقدار میں اسمگل شدہ چاندی ضبط کرلی
اسمگل شدہ چاندی اور گاڑیوں کی ضبطگی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف کلکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) کی ہدایت پر کوئٹہ، کراچی اور گڈانی کی فیلڈ فارمیشنز نے مربوط کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں اسمگل شدہ چاندی اور اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کر لیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا سب سے بڑا کارڈ ان کی قید ہے، حامد میر
کوئٹہ میں کارروائی
ایف بی آر کے ترجمان کے مطابق کوئٹہ کے علاقے یارو میں ٹیوٹا گاڑی، جس کا رجسٹریشن نمبر اے ڈبلیوکیو 240 ہے، کو روکا گیا۔ تلاشی لینے پر اس گاڑی سے 40 عدد خالص چاندی کی اینٹیں اور 36 عدد بسکٹ برآمد ہوئے، جن کا مجموعی وزن 49 کلوگرام تھا۔ ضبط شدہ اشیاء اور گاڑی کی مجموعی مالیت تقریباً 2 کروڑ 67 لاکھ 60 ہزار روپے ہے۔ برآمد شدہ سامان اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پہلگام حملے کا قصور وار تو آپ کے اندر ہی ہے” ہندو پنڈت نے کھری کھری سنا دیں : ویڈیو دیکھیں
کراچی میں مجموعی کارروائیاں
کراچی کے علاقے موچکو چیک پوسٹ آر سی ڈی ہائی وے پر اسمگلنگ کی بڑی کوششیں ناکام بناتے ہوئے، 2 مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 45 کلوگرام سمگل شدہ چاندی برآمد کی گئی، جس کی مالیت 2 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
پہلی کارروائی
پہلی کارروائی میں گوادر سے آنے والی مسافر بس (BTA-022) کو روکا گیا، جس سے 25 کلوگرام چاندی برآمد ہوئی، جس کی مالیت تقریباً 1 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے۔ چاندی مسافر محمد عارف ولد شاہجہان کے سامان سے برآمد ہوئی، جو درآمد کی قانونی دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہا۔
دوسری کارروائی
دوسری کارروائی میں مسافر بس (JD-553) کو روکا گیا، جس سے مزید 20 کلوگرام چاندی برآمد ہوئی، جس کی مالیت تقریباً 90 لاکھ روپے ہے۔ بس اور عملے کو حراست میں لے کر برآمد شدہ چاندی کو کسٹمز ایکٹ 1969ء کے تحت ضبط کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: امیتابھ اور ابھیشیک نے ایک ہی دن ایک ہی عمارت میں 10 اپارٹمنٹس خریدلئے
خورکھیرہ یونٹ کی کارروائی
فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ خورکھیرہ نے پیشگی اطلاع ملنے اور اوتھل پولیس کے تعاون سے ایک ٹویوٹا کرولا، جس کا رجسٹریشن نمبر (BFR-023) ہے، کو روکا۔ تلاشی کے دوران 25 کلوگرام سمگل شدہ چاندی برآمد ہوئی۔ گاڑی میں سوار 2 افراد، شاہ ولی اور عبدالرزاق، کو گرفتار کر کے ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ ضبط شدہ سامان اور گاڑی تحویل میں لے کر تحقیقات جاری ہیں۔
کسٹمز کی جانب سے مؤقف
پاکستان کسٹمز کے ترجمان نے کوئٹہ، کراچی اور گڈانی میں کسٹمز انفورسمنٹ ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ہر داخلی و خارجی راستے پر قیمتی دھاتوں اور دیگر اشیاء کی سمگلنگ کو مؤثر طور پر روکا جائے گا۔








