کرم میں سیکیورٹی فورسز کا خوارج کے خلاف کارروائی، 7 خوارج جہنم واصل، کیپٹن نعمان سلیم سمیت 6 جوان شہید
سیکیورٹی فورسز کی کارروائی
راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 خوارج مارے گئے جبکہ کیپٹن سمیت 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کا دورۂ مصر، صدر السیسی، وزیرِ دفاع اور کمانڈر اِن چیف سے ملاقاتیں
آپریشن کی تفصیلات
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کرم کے علاقے دوگر میں بھارتی پراکسی فتنہ خوارج کے خلاف خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 7 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن نعمان سلیم سمیت 6 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، شہداء میں حوالدار امجد علی، نائیک وقاص احمد، سپاہی اعجاز علی، سپاہی محمد ولید اور سپاہی محمد شہباز شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جاپانی وزیر زراعت نے ایسی بات پر معافی مانگ کر استعفیٰ دے دیا جو اکثر ملکوں میں اتنی بڑی بات ہی نہیں سمجھی جاتی
کیپٹن نعمان سلیم کی بہادری
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن نعمان سلیم ایک بہادر اور نوجوان میڈیکل آفیسر تھے، جو محاذ پر میڈیکل خدمات انجام دینے کے ساتھ دلیرانہ انداز میں لڑے اور جامِ شہادت نوش کیا۔ علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
انسدادِ دہشتگردی کی مہم
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسدادِ دہشتگردی کی مہم پوری قوت سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔








