چین، روس، شمالی کوریا اور پاکستان سمیت کئی ممالک جوہری ہتھیاروں کے تجربات کررہے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ
ٹرمپ کا چین، روس، شمالی کوریا اور پاکستان پرجوہری تجربات کا الزام
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ چین، روس، شمالی کوریا اور پاکستان سمیت کئی ممالک جوہری ہتھیاروں کے تجربات کر رہے ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ روس اور چین جوہری ہتھیاروں کے ٹیسٹ کرتے ہیں، شمالی کوریا اور پاکستان بھی تجربات کر رہے ہیں لیکن وہ جا کر کسی کو نہیں بتاتے۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کی سست ترین ٹرین جو 290 کلومیٹر کا فاصلہ 8 گھنٹے میں طے کرتی ہے، وجہ ایسی کہ آپ بھی سفر کرنا چاہیں گے
جوہری تجربات کی پوشیدہ نوعیت
ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایک بڑی دنیا ہے، آپ کو معلوم نہیں ہوتا کہ وہ کہاں ٹیسٹ کر رہے ہیں، وہ زمین کے نیچے ٹیسٹ کرتے ہیں جہاں لوگ نہیں جانتے کہ ٹیسٹ کے دوران کیا ہو رہا ہے، آپ کو زمین تھوڑی ہلتی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔
امریکی فوج کے جوہری ٹیسٹ کا حکم
امریکی صدر نے انٹرویو میں کہا کہ اب ہمیں بھی ٹیسٹ کرنا ہوگا۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ٹرمپ نے امریکی فوج کو فوری طور پر جوہری ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ کا حکم دیا تھا۔








