سیکیورٹی فورسز کے کرم میں 2 کامیاب آپریشنز، 23 دہشتگرد ہلاک
کرم میں سکیورٹی فورسز کی کامیابی
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )کرم میں سکیورٹی فورسز نے 2 کامیاب آپریشنز میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے 23 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ۔
یہ بھی پڑھیں: سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما کے ون ڈے کرکٹ سے بھی الگ ہونے کی خبریں پھر گرم
آپریشن کی تفصیلات
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 19 نومبر 2025 کو خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں 2 علیحدہ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 23 خوارج مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 خوارج ہلاک ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں 20کلو آٹے کا تھیلا 200روپے سستا ہو گیا
دوسرے آپریشن کی کامیابی
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق اسی علاقے میں ایک اور خوارج گروہ کی موجودگی کی اطلاعات پر دوسرا آپریشن کیا گیا، جس میں سکیورٹی فورسز نے مزید 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: بونڈائی بیچ پر حملہ آور کو قابو کرکے جانیں بچانے والے شامی نژاد شہری کو 25 لاکھ ڈالر کا انعام دے دیا گیا
عزم استحکام کا وژن
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزم استحکام کے وژن کے تحت علاقے میں کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ملک میں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خطرات کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے۔
وزیراعظم کی جانب سے خراج تحسین
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کرم(خیبر پختونخوا) میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔








