کراچی میں فلائی اوور سے گر کر خاتون کے جاں بحق ہونے کا معمہ حل ہو گیا۔
کراچی میں حادثہ
کراچی (ویب ڈیسک) میٹرک بورڈ آفس کے قریب فلائی اوور سے گر کر خاتون کے جاں بحق ہونے کا معمہ حل ہو گیا۔ ابتدائی طور پر یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ گاڑی کی موٹرسائیکل کو ٹکر دینے کے بعد موٹرسائیکل سوار خاتون پل سے نیچے گر کر دم توڑ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا
پولیس کی تحقیقات
پولیس حکام کے مطابق واقعہ نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کا نتیجہ تھا۔ خاتون اپنے دوست کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار تھی، اور تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل فلائی اوور کی باؤنڈری سے ٹکرا گئی۔ حکام کے مطابق فلائی اوور سے نیچے گر کر تیس سالہ طوبیٰ انتقال کر گئی، جبکہ موٹر سائیکل سوار شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔ ملزم جنید بخاری کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ملزم اور متوفیہ کا تعلق
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متوفیہ طوبیٰ اور ملزم جنید اورنگی ٹاؤن کے رہائشی تھے۔ جاں بحق خاتون اور گرفتار ملزم آپس میں دوست تھے۔ مقدمہ متوفیہ کے والد عرفان کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں قتل سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ یہ حادثہ گزشتہ روز پیش آیا تھا۔








