ویرات کوہلی کی مسلسل دوسری سنچری، سچن ٹنڈولکر کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا
ویرات کوہلی کا شاندار کارنامہ
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے سٹار بیٹر ویرات کوہلی نے سابق لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔ بدھ کو ویرات کوہلی نے جنوبی افریقا کے خلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی سنچری اسکور کی۔ سیریز کے پہلے میچ میں بھی کوہلی نے شاندار سنچری سکور کی تھی۔ رائے پور میں سیریز کے دوسرے ون ڈے میں کوہلی نے جنوبی افریقا کے خلاف 93 گیندوں پر 102 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ کوہلی کی ون ڈے کرکٹ میں 53 ویں جبکہ 84 ویں انٹرنیشنل سنچری تھی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ مریم نواز سے پاک سوزوکی کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیرو شی کاوا مورا کی ملاقات
نمبر 3 پوزیشن پر سنچری کا ریکارڈ
اس سنچری کے ساتھ ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔ بدھ کو رائے پور میں بنائی گئی سنچری ون ڈے میں نمبر 3 پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہوئے کوہلی کی 46 ویں سنچری تھی جس کے ساتھ ہی ویرات اب ایک ہی فارمیٹ میں کسی بھی ایک پوزیشن پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑا، جنہوں نے اوپنر کی حیثیت سے 45 ون ڈے سنچریاں سکور کی تھیں۔
مختلف گراؤنڈز پر سنچریوں کا ریکارڈ
اس کے علاوہ ویرات نے رائے پور میں سنچری بنا کر 34 مختلف گراؤنڈز پر سنچریاں بنانے کا کارنامہ بھی انجام دیا ہے۔ اس طرح کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں مختلف مقامات پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا سچن ٹنڈولکر کا یہ ریکارڈ بھی برابر کیا۔ ٹنڈولکر نے بھی ون ڈے کرکٹ میں 34 مختلف گراؤنڈز پر سنچریاں سکور کی تھیں۔ واضح رہے کہ کوہلی پہلے ہی سچن ٹنڈولکر کا ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 49 سنچریوں کا ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔








