ٹک ٹاک کا جنون ایک اور جان لے گیا، سیکیورٹی گارڈ گولی چلنے سے جاں بحق
افسوسناک واقعہ ملیر میں پیش آیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ملیر، گلشنِ حدید میں ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک سیکیورٹی گارڈ جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے سیکیورٹی گارڈ کی شناخت 35 سالہ نواز ولد حق نواز کے طور پر ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ارضیاتی آفات سے بچاؤ کی چینی ٹیکنالوجی نے قراقرم ہائی وے کے محفوظ آپریشن کو یقینی بنایا
واقعے کی تفصیلات
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق نواز مبینہ طور پر ٹک ٹاک کے لیے ویڈیو بنا رہا تھا کہ اسی دوران اس کے اسلحے سے اچانک فائر ہو گیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی گارڈ کی بنائی گئی مبینہ ٹک ٹاک ویڈیو اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جن میں اسے بھاری اسلحے کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سید قمر رضا۔۔۔اوورسیز پاکستانیوں کا رہنما
ویڈیو کی تشہیر
ویڈیو فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا رہا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ اسلحہ لوڈ کرنے کے بعد اسے اپنی گردن پر رکھتا ہے، جس کے فوراً بعد گولی چلتی ہے جو جان لیوا ثابت ہوتی ہے، جبکہ ویڈیو میں مزید فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیتی ہیں۔
پولیس کی تحقیقات
تھانہ سٹیل ٹاؤن کے ایس ایچ او اسلم کے مطابق تاحال یہ تعین نہیں ہو سکا کہ واقعہ خودکشی تھا یا ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے حادثاتی طور پر فائر ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ جاں بحق سیکیورٹی گارڈ کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق مزید تفتیش کے بعد ہی واقعے کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں گی。








