سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف مذموم مہم چلائی جا رہی ہے، ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، طلال چودھری
وزیرمملکت کی پریس کانفرنس
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیرمملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس ٹرینڈ بنانے کیلئے استعمال ہو رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف مذموم مہم چلائی جا رہی ہے، ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پی ٹی آئی سوشل میڈیا کو خاص بیانیے کیلئے استعمال کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اگر ایران میں حکومتی رِٹ ختم ہوئی تو پاکستان ایران سرحد پر موجود علیحدگی پسند تنظیمیں صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر سے گفتگو۔
سوشل میڈیا اور دہشت گرد تنظیمیں
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد تنظیمیں سوشل میڈیا کا استعمال کر رہی ہیں، حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے، کچھ عناصر ملکی سلامتی کے درپے ہیں۔ ایک ایک ٹویٹ کے پیسے وصول کرکے ٹرینڈ بنائے جاتے ہیں، آزادی اظہار رائے کی بھی کچھ حدود ہیں، چند کمپنیوں کو ٹرینڈ اور ہیش ٹیگز کی بولیاں لگا کر بیچے جاتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بیرون ملک سے چلائے جا رہے ہیں، پی ٹی آئی اکاؤنٹس ٹرینڈ بنانے کیلئے استعمال کیے جاتے ہیں، زیادہ اکاؤنٹس نارتھ امریکہ، یورپ، جنوبی ایشیاء سے آپریٹ ہو رہے ہیں۔
غیر ملکی اکاؤنٹس اور شواہد
طلال چودھری کا کہنا تھا کہ یہی اکاؤنٹس ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور اسرائیل کے حق میں ٹرینڈز بناتے ہیں، ہمارے پاس بہت ساری معلومات آ چکی ہیں، ہم نے تمام شواہد جمع کر لیے ہیں، بیرون ملک سے فنڈنگ ٹرانسفر کی جاتی ہے۔ بیرون ممالک کی کمپنیوں کے جعلی اکاؤنٹس زیادہ ہیں، ان کو خبردار کرتے ہیں کہ اگر باز نہ آئے تو سخت ایکشن ہوگا۔








