سہیل آفریدی کا عمران خان کی رہائی کے لیے ڈور ٹو ڈور مہم شروع کرنے کا اعلان
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی نئی مہم
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے عمران خان کی رہائی کیلئے ڈور ٹو ڈور مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد ضروری: تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے وفد کی جماعتِ اسلامی کی قیادت سے ملاقات
ہوٹل میں عوامی رابطہ
سہیل آفریدی اچانک ایف 6 کے کوئٹہ ہوٹل پہنچے اور لوگوں میں گھل مل گئے۔ شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "خان صاحب کا پیغام آ گیا ہے اب ہم نے گھروں میں نہیں بیٹھنا۔ عمران خان کا پیغام ملتے ہی سٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع کردی ہے۔ ہم ہر گلی، ہر مارکیٹ میں جائیں گے۔ پورے ملک کو متحرک کریں گے، ہر دروازہ کھٹکھائیں گے، لوگوں کو سڑک پر لانے کے لیے تیار کریں گے۔ آج سے میں اور میری ٹیم خان صاحب کے حکم کے مطابق ڈور ٹو ڈور مہم چلائیں گے اور لوگوں کو سڑکوں پر آنے کے لیے تیار کریں گے۔"
یہ بھی پڑھیں: آج اللہ کے فضل و کرم سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہے: عطا تارڑ
قوم کی ذمہ داری
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی فیملی قوم کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں، قوم کا فرض ہے کہ ان کو رہا کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ عمران خان پاکستان اور پاکستان کی آنے والی نسلوں کی جنگ لڑ رہا ہے۔ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ اب عمران خان کی رہائی اور پاکستان کی حقیقی آزادی میں اپنا کردار ادا کرے۔ اگر آپ نے اپنے ملک اور آنے والی نسلوں کو بچانا ہے تو آپ کو اب باہر نکلنا ہو گا۔
پاکستان کا مستقبل
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کو بچانا ہے، ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ پاکستان کو بچانے کی اس جدوجہد میں ہمارا ساتھ دے۔ رجیم چینج کے بعد ہر پاکستانی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے، جب تک ہم سڑکوں پر نہیں نکلیں گے حالات نہیں بدلیں گے۔








