چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس پر مبارکباد
بلاول بھٹو زرداری کا کرسمس پر پیغام
کراچی / اسلام آباد / لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی، مساوات اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بی بی کی شہادت کی خبر جنگل میں آ گ کی طرح پھیل گئی، ہماری سیاسی تاریخ ایسے ایسے داغ ماتھے پر سجائے ہے جس کی نظیر کسی اور ملک کی تاریخ سنانے سے قاصر ہے۔
کرسمس کی اہمیت
میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرسمس محبت، ہمدردی، قربانی اور درگزر جیسے آفاقی اقدار کی علامت ہے، جو مذہب اور سرحدوں سے بالاتر ہو کر پوری انسانیت کو جوڑتی ہے۔ پاکستان کی بنیاد مساوی شہریت کے اصول پر رکھی گئی تھی، جہاں ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو عزت، تحفظ اور آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے، اور 1973 کا آئین ان تمام حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔
مسیحی برادری کی خدمات کا اعتراف
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی مسیحی برادری کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، عوامی خدمت اور قومی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار قابلِ قدر اور ناقابلِ فراموش ہے۔ آج اِس پرمسرت موقع پر ہم اپنے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں اور ایک ایسے پاکستان کے لیے کام جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں جہاں ہر شہری خود کو محفوظ، محترم اور باوقار محسوس کرے۔








