پنجاب حکومت کے ہر فیصلے کا محور محمد علی جناح کی تعلیمات اور نواز شریف کا تجربہ ہے: مریم نواز
وزیراعلیٰ مریم نواز کا یوم پیدائش پر پیغام
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ مریم نواز نے بانی پاکستان قائداعظم محمد جناحؒ اور صدر مسلم لیگ(ن) محمد نواز شریف کے یوم پیدائش پر خصوصی پیغامات میں کہا ہے کہ بابائے قوم محمد علی جناحؒ کی عظمت، حکمت، محنت اور دانائی کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ قائداعظم کی بصیرت اور عزم آج بھی ہر دل میں مشعل راہ ہے اور ہر نسل کے لیے سبق آموز ہے۔ محمد علی جناح وہ عظیم رہنما ہیں جنہوں نے منتشر قوم کو یکجا کر کے ان کی تقدیر بدل دی۔
یہ بھی پڑھیں: اگر بھارت سے مذاکرات ہوئے تو پانی، دہشتگردی اور کشمیر پر بات ہوگی: وزیر دفاع
خراج تحسین
وزیراعلیٰ مریم نواز نے محمد نواز شریف کی مدبرانہ قیادت، محنت اور بے پناہ قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ محمد علی جناح اور محمد نواز شریف وہ عظیم رہنما ہیں جنہوں نے اپنے عزم، بصیرت اور قربانی سے قوم کی تقدیر بدلی۔ محمد علی جناحؒ نے پاکستان بنایا اور محمد نواز شریف نے پاکستان کو سنوارا۔ محمد نواز شریف نے ہر بار قوم کو دہشت گردی اور معاشی مشکلات سے نجات دلائی۔ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر کرنے کا قائد اعظمؒ کا خواب محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پورا کیا۔ محمد نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے، معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات لگن سے کام کیا۔ پنجاب حکومت محمد علی جناحؒ اور محمد نواز شریف کی وراثت آگے بڑھا رہی ہے۔
حکومت کی پالیسیاں
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ہر فیصلے کا محور محمد علی جناح کی تعلیمات اور محمد نواز شریف کا تجربہ ہے۔ محمد علی جناحؒ نے قوم کو آزادی دی اور محمد نواز شریف نے قوم کو سہولت، امن اور ترقی دی۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی تعلیمات اور محمد نواز شریف کی قیادت میں، پاکستان ہمیشہ روشن اور مضبوط رہے گا۔








