پولیس کے خلاف مبینہ طور پر نازیبا، ہتک آمیز اور نفرت انگیز زبان استعمال کرنے والا ٹک ٹاکر گرفتار
تھانہ پرمولی میں کارروائی
صوابی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پولیس کے خلاف مبینہ طور پر نازیبا، ہتک آمیز اور نفرت انگیز زبان استعمال کرنے والے ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: CAMON 30S: فوٹو گرافی کے غیر معمولی تجربے کیلئے Sony AI کیمرہ کا حامل
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو
صوابی کے ڈی پی او آفس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک نوجوان پولیس فورس کے خلاف غیر اخلاقی، ہتک آمیز اور نفرت انگیز زبان استعمال کر رہا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ ڈی ایس پی سرکل رزڑ حسن خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ پرمولی گوہر خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ٹک ٹاکر حسین سکنہ غلاماں کو گرفتار کر لیا۔ جبکہ اس کے شریک ساتھی کیمرہ مین کی گرفتاری بھی جلد عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او کا بیان
ڈی پی او صوابی ضیا الدین احمد نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز، ہتک آمیز اور اشتعال انگیز مواد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے عناصر جو قانون کی آڑ میں ریاستی اداروں کی تضحیک کریں گے، ان کے خلاف بلا امتیاز اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








