انڈونیشیا کے وزیر دفاع کی فیلڈ مارشل سے ملاقات، پاکستان کیساتھ دفاعی تعلقات مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور انڈونیشیا کے وزیردفاع کی ملاقات
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیردفاع نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے شعبوں کی تلاش پر تبادلہ خیال کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انڈونیشیا کے وزیردفاع نے پیر کو جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش
ملاقات میں ہونے والے مباحثات
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے شعبوں کی تلاش پر گفتگو ہوئی اور علاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک انڈونیشیا دفاعی صنعتی تعاون کی اہمیت اور ادارہ جاتی رابطوں کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تربیتی اشتراک کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے ایٹمی پلانٹس اور متعلقہ تنصیبات کتنی اور کہاں ہیں؟
دفاعی تعلقات میں اضافہ
آئی ایس پی آر کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو تسلیم کیا۔ انڈونیشیا کے وزیردفاع نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
مضبوط دفاعی شراکت داری کی یقین دہانی
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے انڈونیشیا کے ساتھ پائیدار دفاعی تعلقات بڑھانے، مشترکہ اقدار اور اسٹریٹیجک مفادات پر مبنی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔








