خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کا منامہ میں بحرین نیشنل میوزیم اور پرل میوزیم کا دورہ
آصفہ بھٹو زرداری کا بحرین کا دورہ
اسلام آباد /منامہ (مانیٹرنگ ڈیسک) خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے منامہ میں بحرین نیشنل میوزیم اور پرل میوزیم کا دورہ کیا.
دورے کی تفصیلات
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق بی بی آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ بحرین کی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن پلاننگ آمنہ بنت احمد الرومیحی بھی تھیں۔ میوزیم آمد پر خاتون اول کا استقبال میوزیمز اینڈ کلچر کی ڈائریکٹر جنرل فرح محمد مطر اور ڈائریکٹر کمیونیکیشنز اینڈ پارٹنرشپس ہانی علی بہزاد نے کیا۔
ثقافتی ورثہ اور تاریخی جڑیں
دورے کے دوران آصفہ بھٹو زرداری کو دونوں عجائب گھروں کا دورہ کرایا گیا، جہاں بحرین کے بھرپور ثقافتی ورثے، گہری تاریخی جڑوں اور تہذیبی عظمت کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ انہوں نے پرتپاک مہمان نوازی اور بحرین کے ثقافتی و تاریخی خزانوں کو قریب سے دیکھنے کے موقع پر دلی قدردانی کا اظہار کیا۔
قومی ورثے کا تحفظ
انہوں نے قومی ورثے کے تحفظ اور تاریخ کی حفاظت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ شناخت، اتحاد اور آنے والی نسلوں کے لیے تحریک کا اہم ذریعہ ہے۔
پاکستان اور بحرین کے درمیان تعاون
خاتون اول نے ثقافتی سفارت کاری، عجائب گھروں کے مابین شراکت داری، تعلیمی تبادلوں اور آثارِ قدیمہ کے تحفظ کے شعبوں میں پاکستان اور بحرین کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات کو بھی اجاگر کیا۔








