اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے معاملے پر اہم پیش رفت، اسپیکر سردار ایاز صادق نے اسمبلی حکام اور آئینی ماہرین سے مشاورت مکمل کرلی
اسلام آباد میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسپیکر ایازصادق نے اسمبلی حکام اور آئینی ماہرین سے مشاورت مکمل کرلی۔ قانونی ماہرین نے اسپیکر کو محمود اچکزئی کا نام ایوان میں ہی اعلان کرنے کی رائے فراہم کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب کا دورہ مکمل، اسلام آباد روانہ
آئینی ماہرین کی رائے
ذرائع کے مطابق آئینی ماہرین نے یہ تجویز دی ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا معاملہ جہاں سے شروع ہوا تھا، اس کا اختتام بھی اسی ایوان کے اندر ہونا چاہیے۔ آئینی ماہرین کی متفقہ رائے ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا باضابطہ اعلان قومی اسمبلی کے فلور پر ہی کیا جائے، تاکہ کسی بھی آئینی یا سیاسی ابہام کی گنجائش باقی نہ رہے۔
اسپیکر کا اجلاس میں موقف
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر آج اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا، تو اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اسمبلی اجلاس کے دوران اپنی رائے ایوان کے سامنے رکھیں گے۔ اسمبلی ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے اعلان کے بعد محمود خان اچکزئی کو ایوان میں خطاب کی دعوت دی جائے گی۔








