شعیب ملک نے پی ایس ایل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
شعیب ملک کی پی ایس ایل سے ریٹائرمنٹ
سیالکوٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں شعیب ملک کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے 10 سال کے کیریئر میں آن اینڈ آف دی فیلڈ ہر لمحے سے بہت لطف اندوز ہوا ہوں، اب وقت آگیا ہے کہ اس سفر کو یہاں ختم کروں۔ شعیب ملک کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے مستقبل میں میری خدمات ہمیشہ حاضر رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
ماضی کی کارکردگی
خیال رہے کہ شعیب ملک نے 2015 میں ٹیسٹ کرکٹ اور 2019 میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ جبکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے انہوں نے باقاعدہ تو ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا، تاہم 44 سالہ آل راؤنڈر نے 2021 کے بعد سے قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کی۔ اس کے باوجود وہ پی ایس ایل اور دیگر ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلتے رہے ہیں۔ شعیب ملک نے پی ایس ایل کے اب تک کے تمام 10 سیزن کھیلے ہیں۔
ٹیموں کی نمائندگی
انہوں نے پی ایس ایل میں 4 ٹیموں کراچی کنگز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی۔ 2025 میں اپنا آخری سیزن انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کھیلا تھا.








