صحافی کالونی فیز ٹو کا ماسٹر پلان منظور، وزیراعلیٰ مریم نواز آئندہ ماہ خود صحافیوں کو الاٹمنٹ لیٹرز دیں گی
اجلاس کا آغاز
لاہور (طیبہ بخاری سے) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری کی زیر صدارت جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا 14واں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات پنجاب طاہر رضا ہمدانی، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، ایم پی اے بلال یامین ستی، ڈپٹی سیکرٹری عدنان رشید، پاکستان جرنلسٹس فاؤنڈیشن کے اسد حسین اور محمد یٰسین نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: توہین عدالت کیس؛ شیر افضل مروت کی سابق ڈی پی او اٹک کو معافی مانگنے کی آفر
صحافی کالونی فیز ٹو کی منظوری
اجلاس میں جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے بورڈ نے متفقہ طور پر صحافی کالونی فیز ٹو کے ماسٹر پلان کی منظوری دے دی۔ سیکرٹری اطلاعات پنجاب طاہر رضا ہمدانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہاؤسنگ کالونی میں جدید سہولیات کے تحت اسکول، 40 فٹ سے 100 فٹ چوڑی سڑکیں، کمرشل ایریاز اور پارکس تعمیر کیے جائیں گے۔ 400 ملین روپے روڈا کو ادا کیے جا چکے ہیں جبکہ زمین کی خریداری کا عمل تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے۔ زمین سیکشن فور کے تحت روڈا سے حاصل کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج قومی یکجہتی کی علامت، آئیں آگے بڑھیں اور ملک کے دفاع میں اپنا کردار ادا کریں: کیڈٹس کا پیغام
وزیر اطلاعات کا خطاب
وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافی کالونی فیز ٹو کے تحت 5 مرلہ کے 3200 پلاٹس صحافیوں کو فراہم کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز لاہور کے 3200 صحافیوں کو اپنی چھت فراہم کرنے جا رہی ہیں اور فروری میں وزیراعلیٰ خود صحافیوں کو الاٹمنٹ لیٹرز دیں گی۔ پنجاب حکومت خلوصِ نیت سے صحافیوں اور ان کے خاندانوں کے لیے رہائشی سہولت فراہم کر رہی ہے، تاہم بدقسمتی سے کچھ عناصر صحافت کے لبادے میں اپنے ہی صحافی بھائیوں کے مستقبل کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ ایسے عناصر کو شرم آنی چاہیے جو صحافیوں کے بچوں کے مستقبل کو ذاتی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ ان عناصر کو واضح پیغام ہے کہ صحافیوں کی چھت پر گندی سیاست نہ کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: مہنگے کپڑے، گاڑیوں اور گھروں کی نمائش کرنے والے ریڈار پر ہیں، چیئرمین ایف بی آر
منفی پروپیگنڈا کا ذکر
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے ایک سیاسی جماعت کے میڈیا ونگ کی جانب سے صحافی کالونی فیز ٹو کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، تاہم آئندہ چند دنوں میں ایسے عناصر کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ اس موقع پر انہوں نے لاہور پریس کلب کی موجودہ انتظامیہ کے تعاون کو بھی سراہا۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ صحافی کالونی فیز ٹو کے 1400 صحافی ممبرز اپنے ڈویلپمنٹ چارجز کے ایڈوانس جمع کروا چکے ہیں جبکہ وزارت اطلاعات پنجاب کے 635 ملازمین نے بھی ایڈوانس چارجز جمع کروا دیئے ہیں۔ باقی ممبرز بھی جلد اپنے واجبات جمع کروائیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے شہروں اور گلی محلوں کو منشیات پاک کریں گے، وزیراعلیٰ مریم نواز
مستقبل سے متعلق عزم
عظمٰی بخاری نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ 3200 صحافیوں اور ان کے خاندانوں کے مستقبل کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ نان ممبران کی بیلٹنگ کا عمل مکمل شفاف طریقے سے کیا جائے گا اور مافیا یا پریشر گروپس بنا کر حکومت کو بلیک میل نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر سے سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کی الوداعی ملاقات
دیگر فیصلے اور ہدایات
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ راولپنڈی اور ملتان کی جرنلسٹ ہاؤسنگ سکیموں کے معاملات آئندہ اجلاس تک مؤخر رہیں گے جبکہ ملتان پریس کلب سے کونسل ممبرز صحافیوں کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔ مزید برآں، لاہور کی صحافی کالونی میں ایل ڈی اے کے کمرشل پلان کو بھی اپنانے کی منظوری دی گئی۔
پریس کلبز کے انتخابات
آخر میں وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا کہ تمام پریس کلبز دسمبر سے جنوری کے دوران اپنے انتخابات کرانے کے پابند ہوں گے۔








