ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق معاملے میں پاکستان کو بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، رانا ثنا اللہ
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کی رائے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق معاملے میں پاکستان کو بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں رانا ثناء اللّٰہ سے آئی سی سی کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں بنگلہ دیش کی جگہ سکاٹ لینڈ کی شمولیت کے بارے میں سوال پوچھا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: چین اور پاکستان کا دوستانہ تعلق ہمارا اثاثہ ہے: وفاقی وزیر عطاء تارڑ
پاکستان کا بنگلہ دیش کی حمایت میں قدم
انہوں نے جواب دیا کہ پاکستان کے لیے مستقبل کا فائدہ اسی بات میں ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑا ہو۔ حقیقت یہ ہے کہ کرکٹ میں ہمارا نقصان ہوگا، ہمیں پیسے بھی کم ملیں گے۔ سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے بنگلہ دیش کا ساتھ دینے کے دور رس اثرات ہوں گے، ممکن ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہوں اور ہم دو بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کا سہارا بن جائیں۔
بھارت کا کردار اور ممکنہ فیصلہ
اُن کا کہنا تھا کہ ہم بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، بھارت ہم دونوں کا دشمن ہے۔ وزیراعظم کے مشیر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو ٹی 20 ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کرنا چاہیے یا نہیں، اس معاملے پر تفصیلی گفتگو اور تمام امور کے جائزے کے بعد ہی کوئی فیصلہ ممکن ہے۔








