ملک میں بارش و برفباری کا نیا سلسلہ داخل، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بوندا باندی شروع ہو گئی
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کا آغاز
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اسلام آباد اور راولپنڈی میں بوندا باندی شروع ہو گئی ہے جبکہ گلیات اور اس کے اطراف کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اور شہریوں کو مزید سردی کی شدت کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ملک میں بارش برسانے والا نیا سسٹم داخل ہو چکا ہے، جس کا نتیجہ مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی صورت میں سامنے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ کے پی نے شہدا کے ورثا کی امدادی رقم 50 لاکھ سے بڑھاکر ایک کروڑ کردی
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے آج سے کل تک ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ کے علاقوں سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بھی بارش کی توقع ہے۔ چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور شانگلہ میں مزید برفباری ہوگی، جبکہ استور، ہنزہ، اسکردو، مری، گلیات، وادی نیلم اور باغ میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یمن سے اسرائیل پر ڈرون حملہ
آزاد کشمیر اور بلوچستان کی صورتحال
آزاد جموں و کشمیر کے علاقوں پونچھ اور حویلی میں بارش و برفباری متوقع ہے، جبکہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں بھی مزید برفباری ہو رہی ہے۔ نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں برفباری کی وجہ سے سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کو الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ہیوی مشینری عملے کے ہمراہ قومی شاہراہوں پر موجود ہے تاکہ ممکنہ نقصانات کو کم کیا جا سکے۔
لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ برقرار ہے جبکہ کوئٹہ، قلات، مستونگ، کان مہترزئی، مسلم باغ اور چمن میں بارش و برفباری کا آغاز ہو گیا ہے۔ پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام سے کہا ہے کہ وہ موسمی الرٹس پر عمل کریں اور خطرناک علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔








