ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے سیکیورٹی واپس لینے کی خبروں پر وزیر داخلہ سندھ کا بیان آ گیا
سندھ وزیر داخلہ کا ایم کیو ایم رہنماؤں کی سیکیورٹی سے متعلق بیان
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے سیکیورٹی واپس لینے کی خبروں پر وزیر داخلہ سندھ کا بیان آ گیا ہے۔
وزیر داخلہ سندھ کی وضاحت
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے پولیس سیکیورٹی واپس لینے کی خبروں کی تردید کردی۔
’’جیو نیوز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے سیکیورٹی واپس نہیں لی گئی۔ جن افراد کو قانون اور سیکیورٹی کے پیش نظر سیکیورٹی دی گئی ہے وہ فراہم کی جا رہی ہے، مصطفیٰ کمال اور خالد مقبول صدیقی اسلام آباد میں ہیں، کسی بھی شخص کو دی گئی سیکیورٹی واپس نہیں لی گئی۔
سندھ حکومت کی ترجمان کا بیان
دوسری جانب ’’جیو نیوز‘‘ کے پروگرام ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان حکومت سندھ سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ اگر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے سیکیورٹی واپس لی گئی ہے تو یقیناً اس کی کوئی وجوہات ہوں گی۔ شہر میں پولیس کی نفری کم ہے، ہو سکتا ہے کہ اسی وجہ سے سیکیورٹی واپس لی گئی ہے، میرے پاس بھی پولیس سیکیورٹی نہیں ہے۔
ایم کیو ایم رہنماؤں کی سیکیورٹی کی واپسی کی خبریں
واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کو دی گئی پولیس سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال نے بھی دعویٰ کیا کہ ان کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔








