ناران، کاغان میں شدید برفباری، 2 دہائیوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا
شدید برفباری کی صورتحال
مانسہرہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) سیاحتی علاقوں شوگراں، کاغان اور ناران میں رات سے ہونے والی شدید برفباری کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ مسلسل برفباری کے باعث وادی کاغان، وادی سرن اور کونش ویلی میں حالات سنگین صورت اختیار کر گئے ہیں، جبکہ وادی کاغان میں ہونے والی برفباری نے گزشتہ دو دہائیوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کی نئی شرائط، کھاد، زرعی ادویہ، شوگر اور سرجری آئٹمز پر ٹیکس لگے گا
شوگراں میں برفباری کی شدت
نجی ٹی وی 24 نیوز کے مطابق شوگراں میں برف کی تہہ چار فٹ تک جا پہنچی ہے، جبکہ کاغان بازار میں تین فٹ سے زائد برف جمع ہو چکی ہے۔ خراب موسمی صورتحال کے پیشِ نظر وادی کاغان میں سیاحوں کے داخلے پر ایک بار پھر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اور پولیس نے عوام کو برفباری والے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران میں مظاہروں پر سپریم لیڈر کا رد عمل آگیا
برف ہٹانے کے اقدامات
کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی مشینری شوگراں اور کاغان کو ملانے والی سڑکوں سے برف ہٹانے کے کام میں مصروف ہے، جبکہ شہریوں کو سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔
حفاظتی حالات
برفباری کے نتیجے میں کاغان بازار میں ایک ہوٹل کی چھت گر گئی، تاہم ہوٹل خالی ہونے کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔








