رمضان المبارک کی آمد آمد ہے، کسی کو منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی: عظمیٰ بخاری
رمضان المبارک کی تیاری
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے، کسی کو منافع خوری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ منافع خوری پر ایکشن شروع ہو چکا ہے، آنے والے دنوں میں مزید تیزی دیکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بارکھان کے علاقے رکھنی اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے
پریس کانفرنس کا خلاصہ
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب بہتر سے بہتری کی جانب گامزن ہے، پنجاب حکومت ہر سال کی طرح رمضان ریلیف پیکیج دے رہی ہے۔ منافع خوری پر ایکشن شروع ہو چکا ہے، آنے والے دنوں میں مزید تیزی دیکھیں گے۔ ماہِ رمضان کی تیاریوں کے سلسلے میں پنجاب حکومت کام کر رہی ہے، نگہبان رمضان کارڈ پرنٹ ہو چکے ہیں، لوگوں تک پہنچانے شروع کر دیے جائیں گے، رمضان پیکیج 47 ارب روپے کا پروگرام ہے۔
رمضان پیکیج کی تفصیلات
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ رمضان پیکیج سے 42 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے۔ 5 فروری کے بعد پنجاب کے پاس اپنے تمام لوگوں کا ڈیٹا موجود ہو گا، اس ڈیٹا پر بیس کرتے ہوئے یہ پیکیج ڈیزائن کیا گیا ہے۔ 45 ہزار سے کم تنخواہ والے افراد کو اس لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، یہ دفتروں میں بیٹھ کر سروے نہیں ہوا، گھر گھر جا کر سروے کیا گیا ہے۔ گھر گھر جا کر لوگوں کے کوائف اکٹھے کیے گئے ہیں۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ طلب اور رسد کا توازن برقرار رکھا جائے، اس مرتبہ رمضان سہولت بازار پچھلے سال کے رمضان سہولت بازار سے بہتر ہو گا۔








