14ویں لاہور لٹریری فیسٹیول کی تیاریاں عروج پر، ممتاز علمی و ادبی شخصیات شرکت کریں گی
لاہور لٹریری فیسٹیول کی تفصیلات
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور آرٹس کونسل الحمراء میں چودہواں لاہور لٹریری فیسٹیول 6، 7 اور 8 فروری کو منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں ملک اور بیرونِ ملک سے ممتاز علمی و ادبی شخصیات شرکت کریں گی۔ ترجمان کے مطابق لاہور لٹریری فیسٹیول میں اس برس پاکستان کی مجموعی ثقافت، پنجاب کی تہذیب و روایات، علاقائی زبانوں، قومی شناخت اور تہذیب و تمدن کی اقدار کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیوٹن سے خوش نہیں، پاگل ہوچکا، روس پر مزید پابندیاں لگائیں گے: ٹرمپ
فیسٹیول کے سیشنز
فیسٹیول کے مختلف سیشنز میں ادب، تاریخ، سماج، سیاست، معاصر عالمی و علاقائی صورتِ حال، اظہارِ رائے کی آزادی، جمہوری اقدار، سماجی تبدیلیاں اور فکری مکالمہ زیرِ بحث آئے گا۔ علاوہ ازیں فیسٹیول میں شاعری، فکشن، ڈرامہ، تھیٹر، آرٹ، مصوری، خطاطی، موسیقی، لوک فنون اور دیگر ثقافتی اظہار کو عوامی اور تہذیبی تناظر میں پیش کیا جائے گا، تاکہ فنونِ لطیفہ کو روزمرہ زندگی اور معاشرتی شعور سے جوڑا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں عوامی خدمت کا قابل تحسین تاریخی معیار قائم کریں گے: وزیر اعلیٰ مریم نواز
ممتاز شخصیات کی شرکت
ترجمان کے مطابق فیسٹیول میں شرکت کرنے والی ممتاز علمی و ادبی شخصیات میں رابن لین فاکس، سیف الاسلام (ڈھاکہ)، کاملہ شمسی، اصغر ندیم سید، سلیمہ اکرام (قاہرہ)، غازی تیمور، جیوف ڈائر، محسن حامد، سعید مہدی، امین گل جی اور آڈری ٹرشکی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا کراچی میں تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے کا اعلان
ایونٹ کی اہمیت
اس موقع پر لاہور آرٹس کونسل الحمراء کے سی ای او رضی احمد نے کہا کہ لاہور لٹریری فیسٹیول ہماری ثقافتی شناخت، زبانوں اور تہذیبی ورثے کو اجاگر کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے اور الحمرا ہمیشہ سے ادب و ثقافت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتا آ رہا ہے۔
نوجوانوں کے لیے موقع
لاہور آرٹس کونسل الحمراء کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد نواز گوندل نے کہا کہ لاہور لٹریری فیسٹیول نوجوانوں، طلباء اور عام شہریوں کے لیے اپنی تہذیبی جڑوں سے جڑنے اور فکری مکالمے کا حصہ بننے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ سی ایم انیشی ایٹو کے تحت الحمراء میں ترقیاتی اور تزئین و آرائش کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔








