امریکہ کے حملے کا خطرہ، ایران نے آبنائے ہرمز میں جنگی مشقوں کا اعلان کردیا
ایران کی فوجی مشق کا اعلان
تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایران نے آبنائے ہرمز کے قریب موجود بحری جہازوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے ایک فوجی مشق کرنے جا رہا ہے جس میں لائیو فائرنگ بھی شامل ہوگی۔ امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایران نے سمندر میں موجود جہازوں کو پیشگی اطلاع دے دی ہے کہ یہ مشق ایک حساس بحری گزرگاہ میں کی جائے گی، جس کے باعث بحری ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بارشوں سے سیلابی صورتحال؛ صحافی عمار مسعود نے پنجاب اور کے پی کے حکومت کی کارکردگی میں فرق بیان کردیا
آبنائے ہرمز کی اہمیت
آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین آبی گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے عالمی تیل کی ترسیل کا تقریباً 20 فیصد حصہ گزرتا ہے، اس لیے کسی بھی فوجی سرگرمی کے عالمی توانائی منڈی پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آئندہ ہفتے آبنائے ہرمز میں لائیو فائر نیول مشقیں کی جائیں گی، تاہم مشق کی درست تاریخ نہیں بتائی گئی۔
خطے کی صورت حال
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی پہلے ہی موجود ہے اور آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی فوجی سرگرمی عالمی سطح پر گہری تشویش کا باعث سمجھی جاتی ہے۔








