لاہور میں بسنت پھیکی پڑنے کا خدشہ، پتنگ بازی کے سامان کی قلت برقرار
بسنت کی رونقوں کا خدشہ
لاہور (آئی این پی) لاہور میں بسنت کی رونقیں ماند پڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ پتنگ بازی کے سامان کی قلت برقرار ہے جبکہ آن لائن پرمٹ سسٹم تاحال فعال نہیں ہو سکا۔
یہ بھی پڑھیں: خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا پر امن حل ناگزیر ہے: وزیر اعلیٰ مریم نواز
پتنگ بازی کے سامان کی قلت
ذرائع کے مطابق، لاہور میں پتنگ، گڈی اور ڈور کی فراہمی بدستور محدود ہے۔ لائسنس ہولڈرز آن لائن پرمٹ کے اجرا کے منتظر ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے قائم کئے گئے پورٹل پر ابھی تک پرمٹ فارم دستیاب نہیں ہوا جس کی وجہ سے کاروباری افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لائسنس ہولڈرز آن لائن پرمٹ حاصل کرکے دیگر شہروں سے پتنگ بازی کا سامان منگواسکتے ہیں، تاہم تاخیر کے باعث پتنگ، گڈی اور ڈور کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کا مطالبہ
کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے مطابق اگر بروقت پتنگ بازی کا سامان دستیاب نہ ہوا تو بسنت کی رونقیں ماند پڑ جائیں گی۔ ایسوسی ایشن نے انتظامیہ سے فوری طور پر پرمٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز دیگر شہروں سے پتنگ بازی کا سامان منگوانے کی اجازت دی تھی، تاہم عملی طور پر پرمٹ سسٹم تاحال غیر فعال ہے۔








