ایران سے کشیدگی، امریکی جوائنٹ چیف کی اسرائیلی چیف آف اسٹاف سے پینٹاگون میں خفیہ ملاقات کا انکشاف
پینٹاگون میں اہم ملاقات
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ اور اسرائیل کے اعلیٰ فوجی جرنیلوں کے درمیان ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پینٹاگون میں ایک اہم ملاقات ہوئی ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے دو امریکی حکام نے اتوار کو تصدیق کی کہ یہ ملاقات جمعے کے روز بند کمرے میں ہوئی، تاہم اس کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین اور اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ایال ضمیر اس ملاقات میں شریک تھے، اور یہ ملاقات اس سے قبل رپورٹ نہیں کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سینئر سیاستدان چوہدری نثار کا علاج کیلئے بیرون ملک جانے کا فیصلہ
امریکی بحری موجودگی میں اضافہ
یہ ملاقات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنی بحری موجودگی میں اضافہ کر دیا ہے اور فضائی دفاعی نظام مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو بار بار دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جن کا مقصد تہران پر دباؤ ڈال کر اسے مذاکرات کی میز پر لانا بتایا جا رہا ہے۔
ایران کی انتباہ
دوسری جانب ایران کی قیادت نے اتوار کے روز خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے ایران پر حملہ کیا تو اس کے نتیجے میں پورے خطے میں جنگ بھڑک سکتی ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا جواب دیا جائے گا اور اس کے اثرات محدود نہیں رہیں گے بلکہ علاقائی سطح پر پھیل سکتے ہیں۔








