ہم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے ساتھ نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے، ہمیں بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے، وزیر اعظم
وزیر اعظم کا فیصلہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کیساتھ نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے، کھیل کے میدان میں سیاست بالکل نہیں ہونی چاہیے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ہم نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے، کھیل کے میدان میں سیاست نہیں ہونی چاہیے، ہم نے بھارت کے ساتھ نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ژالہ باری نے شانگلہ میں تباہی مچائی، نظام زندگی مفلوج
بنگلہ دیش کے ساتھ اتحاد
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں فتنہ خوارج، فتنہ ہندوستان نے دہشت گرد حملہ کیا، ہماری بہادر افواج نے دہشت گردوں کا بھرپور جواب دیا، جوابی کارروائی میں 180 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ دہشتگرد حملے میں 17 جوان اور 31 شہری شہید ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کے کھڑی ہے، مزدوروں اور بچوں کے قتل پر پوری قوم افسردہ ہے۔
ایران کے معاملے میں پاکستان کا کردار
ایران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ایران کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان نے برادرانہ کردار ادا کیا، میری، نائب وزیراعظم، فیلڈمارشل کی مختلف اوقات میں ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں اور ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ قطر، ترکیے، مصر اور دیگر ممالک نے بھی ایران کے معاملے پر کوششیں کی ہیں، پوری کوشش ہے کہ ایران کا معاملہ بات چیت کے ذریعے حل ہو، چاہتے ہیں، خطے میں منڈلاتے خطرات ختم ہوجائیں، خطے میں دیرپا امن چاہتے ہیں۔








