کراچی میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات، ڈاکو 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ امریکی ڈالر لوٹ کر فرار
بہادرآباد میں بڑی ڈکیتی
کراچی (آئی این پی) شہر قائد کے علاقے بہادرآباد میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات سامنے آ گئی۔ مسلح ملزمان نے ایک شہری سے اس کے گھر پہنچتے ہی 200 تولہ سونا اور ایک لاکھ امریکی ڈالر لوٹ لیے۔
یہ بھی پڑھیں: اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرپرسن بیرسٹر امجد ملک کی مانچسٹر میں نئے قونصل جنرل سے ملاقات
واقعہ کی تفصیلات
پولیس کے مطابق ملزمان نے شہری کا شارع فیصل سے تعاقب کیا اور بہادرآباد میں اس کے گھر پہنچنے پر اس پر حملہ کر دیا۔ واردات میں چار مسلح موٹر سائیکل سوار شامل تھے جو قیمتی سامان لوٹنے کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق اس واردات میں لوٹی گئی رقم اور زیورات کی مجموعی مالیت 13 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ جسے رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی قرار دیا جا رہا ہے۔ واقعہ کے وقت علاقے میں سیف سٹی کیمروں اور سی پی ایل سی کی نگرانی موجود تھی، تاہم ملزمان تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکے۔ پولیس نے مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔
پولیس کی کارروائی
پولیس کے مطابق متاثرہ شہری سید معاذ علی کی مدعیت میں بہادرآباد تھانے میں چار نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔








