مڈل اوورز میں رنز دے بیٹھے، چھوٹی غلطیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑا، امریکی کپتان نے پاکستان سے شکست کی وجہ بتا دی
امریکی کرکٹ کپتان کا بیان
کولمبو (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ کرکٹ ٹیم کے کپتان مونانک پٹیل نے پاکستان کے خلاف شکست کے بعد کہا ہے کہ ان کی ٹیم نے پاور پلے میں اچھی بولنگ کی، تاہم مڈل اوورز میں زیادہ رنز دینا مہنگا ثابت ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: یادماضی عذاب ہے یا رب، پروفیسر شمشیر گوندل نے ماضی قریب میں ہونیوالے واقعات گنوادیئے
میچ کا تجزیہ
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مونانک پٹیل نے کہا کہ ہم نے پاور پلے میں اچھی بولنگ کی لیکن مڈل اوورز میں ہم بہت زیادہ رنز دے بیٹھے۔ آخری اوورز (ڈیتھ) میں ہم نے واپسی کی اور فاسٹ بولرز نے اچھی کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ ہدف کے تعاقب میں بھی ٹیم میچ میں موجود تھی مگر مڈل اوورز میں ارادے کے ساتھ بیٹنگ نہ کر سکے، ہم نے پاور پلے اچھا کھیلا لیکن مڈل اوورز میں ہم انٹینٹ نہیں دکھا سکے اور وکٹیں بھی گنواتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں اربن فلڈنگ، مون سون اور ہیٹ ویو سے 15 سال میں 3،130 ہلاکتیں
پاکستان کے اسپنرز کی چالاکی
امریکی کپتان کے مطابق پاکستان کے اسپنرز کے خلاف بیٹنگ مشکل رہی، ان کے اسپنرز گیند کو زیادہ پیس نہیں دے رہے تھے جس کی وجہ سے باؤنڈریز اور چھکے لگانا مشکل ہو گیا تھا۔ مونانک پٹیل نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم مجموعی طور پر اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے، تاہم معمولی غلطیاں نقصان کا باعث بنیں، ہم یہاں پُراعتماد آئے تھے لیکن چھوٹی غلطیاں آپ کو میچ سے باہر کر دیتی ہیں۔
آئندہ کے میچز کا منصوبہ
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ٹیم ورلڈ کپ مضبوط انداز میں ختم کرنا چاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بقیہ میچز جیت کر ورلڈ کپ مضبوط انداز میں ختم کریں۔ آئندہ میچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مختلف وینیو پر کھیلنا آسان نہیں ہوتا، تاہم ٹیم تیاری کرے گی، نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے قبل چنئی میں ہمیں ایک سیشن ملے گا، ہم اسے بھرپور استعمال کریں گے اور مزید مضبوط ہو کر واپس آئیں گے۔








