سینیٹ اجلاس؛ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے قرارداد مسترد
سینیٹ میں قرارداد مسترد
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینیٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے قرارداد مسترد کر دی گئی۔ قرارداد سینیٹر عون عباس بپی نے پیش کی، رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا جو بھی حکم ہو گا اس پر عمل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مرد آہن عاصم منیر کا دورہ امریکا، بھارت سیخ پا
رانا ثنا اللہ کا بیان
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق رانا ثنا اللہ نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 4 مہینے غفلت کی بات کو بیانیہ مت بنائیں، جس ڈاکٹر سے کہیں دوبارہ چیک اپ ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی پٹیشن پر فرینڈ آف کورٹ بنایا گیا، آپ پٹیشن دائر کریں، سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کریں گے۔
علامہ راجہ ناصر عباس کا موقف
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ بانی کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز آنکھ کے سپیشلسٹ نہیں، بانی کی فیملی کو کیوں نہیں بتایا گیا، تسلیم کریں کہ غفلت ہوئی۔ سیاستدانوں کو ایک دوسرے کا درد سمجھنا چاہئے۔ عظمیٰ خان نے بانی کی آنکھ میں سرخی کی نشاندہی کی تھی، آنکھ کا مسئلہ بہت حساس ہوتا ہے، ہم نے جو قرارداد پیش کی اسے ہمدردی کے ساتھ دیکھیں۔ آج سینیٹرز پارلیمنٹ کے باہر دھرنا دیں گے۔








