پشاور ہائیکورٹ کا حکم، خیبر پختونخوا پولیس نے سڑکیں کھلوا دیں
پشاور ہائیکورٹ کے احکامات
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پشاور ہائیکورٹ کے احکامات کے بعد خیبرپختونخوا پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں احتجاج کے باعث بند کی گئی سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹا کر آمدورفت بحال کر دی۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے صوبے کے 16 مختلف مقامات پر سڑکیں بلاک کر رکھی تھیں، جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: مانسہرہ پولیس نے ناران میں ہائیکنگ کے دوران راستہ بھٹکنے والی جرمن سیاح خاتون کو بحفاظت ڈھونڈ لیا
عدالت کے اقدامات
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق عدالت نے آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری کو فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے تمام بند شاہراہیں کھلوانے کی ہدایت کی تھی۔ عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والے اہم مقام اٹک پل جی ٹی روڈ سے رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک بحال کی۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کی یو اے ای کے نائب وزیراعظم سے ملاقات، ویزا کے مسائل حل کرنے پر اتفاق
سڑکوں کی بحالی
اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان کو میانوالی اور چشمہ سے ملانے والی سڑکیں بھی کھول دی گئیں، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان اسلام آباد موٹروے ایم 14 (سی پیک) پارک ٹول پلازہ کو کلیئر کر دیا گیا۔ ہزارہ موٹروے پر حویلیاں اور مسلم آباد انٹرچینج بھی دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی تشویش
اس معاملے پر خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ عدالت کے احکامات کے بعد آئی جی پولیس خیبر پختونخواہ کا ردعمل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کالی وردی کے پیچھے حکم و احکامات خاکی وردی کے ہیں۔ آئی جی وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے، جب باہر سے لائے گئے پولیس کے بڑے اور صوبے کے چیف ایگزیکٹو کو آمنے سامنے لایا جائے تو حالات کو کس طرف لے جایا جا رہا ہے؟








