26 نومبر احتجاج کیس؛ علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری
عدالت کا فیصلہ
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن) انسداد دہشتگردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج سے متعلق تھانہ صادق آباد کیس کی سماعت کے دوران علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیئے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11 کی فاتح ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟ پی سی بی نے اعلان کردیا۔
عدالت میں غیر موجودگی
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سماعت کے موقع پر علیمہ خان وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئیں، جس پر عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ملزمہ کے دونوں ضامنوں کو بھی نوٹس جاری کر دیئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کا ٹاس ہو گیا
وکیل کا مؤقف
وکیل فیصل ملک نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان دیگر عدالتی مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہو سکیں لہٰذا آج حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، تاہم پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمہ نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے باوجود پیش نہ ہو کر عدالتی حکم عدولی کی ہے اور وہ عدالتی کارروائی کو اپنی مرضی سے چلانا چاہتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اگر جارحیت مسلط کی گئی تو دشمن کو کرارا جواب دینے کے لیے تیار ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر
پراسیکیوشن کی تشویش
پراسیکٹر سید ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ گواہ چالیسویں مرتبہ عدالت میں پیش ہوئے ہیں جس سے ان کے سرکاری امور متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ ملزمہ کے رویے کے باعث تفتیشی افسر اور دیگر افراد کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے۔
اگلی سماعت
عدالت نے پراسیکیوشن کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے اور پولیس کو حکم دیا کہ ملزمہ کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔ کیس کی مزید سماعت کل جمعرات 19 فروری تک ملتوی کر دی گئی.








