درست ویزا کے حامل افراد کے علاوہ تمام افغان شہریوں کی وطن واپسی لازم ہے:محکمہ داخلہ پنجاب
افغان شہریوں کی وطن واپسی کی مہم
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) درست ویزا کے حامل افراد کے علاوہ تمام افغان شہریوں کی وطن واپسی لازم ہے۔ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے انخلاء کی مہم کے حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب کے فارن نیشنل سیکیورٹی سیل کی مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ ملکی پالیسی کے مطابق افغان شہریوں کو انکے وطن واپس بھجوایا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 1. ایڈیشنل ججز کی ایک سالہ مدت مکمل ہونے سے قبل ہی جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بلانے کا فیصلہ
اعداد و شمار
تفصیلات کے مطابق 2023 سے اب تک پاکستان سے مجموعی طور پر تقریباً 20 لاکھ جبکہ پنجاب سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو واپس بھجوایا جا چکا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ اعداد و شمار پنجاب حکومت کی مؤثر حکمتِ عملی اور فعال انتظامی اقدامات کے عکاس ہیں۔ حکومتِ پاکستان کی واضح پالیسی کے مطابق قابلِ قبول ویزا کے بغیر تمام افغان شہریوں کا قیام غیر قانونی ہے۔ اس لیے درست ویزا کے حامل افراد کے علاوہ تمام افغان شہریوں کی وطن واپسی لازم قرار دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ: ٹکٹوں کے حوالے سے شائقین کرکٹ کیلئے اچھی خبر
ہولڈنگ سینٹرز اور واپس بھجوانے کا عمل
ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں اس وقت 37 ہولڈنگ سینٹرز فعال ہیں جن میں 69 افغان شہری موجود ہیں جنہیں تمام دستاویزی ضروریات پوری کرتے ہوئے واپس بھجوایا جا رہا ہے۔ ہولڈنگ سینٹرز میں غیر قانونی افغان باشندوں کی عارضی رہائش، رجسٹریشن اور وطن واپسی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکومت پنجاب نے حال ہی میں کریک ڈاؤن کے دوران صوبہ بھر میں عوامی مقامات، رہائشی علاقوں، مدارس، تعلیمی اداروں کی جانچ مکمل کی۔ اس دوران حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں مختلف کاروباری سرگرمیوں کی بھی تفصیلی جانچ مکمل کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزارت آئی ٹی آج تک سوشل میڈیا ریگولیٹ نہیں کرسکی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو کیسے کرے گی،سینیٹ قائمہ کمیٹی میں سوال
کریک ڈاؤن کی تفصیلات
ترجمان نے مزید بتایا کہ کریک ڈاؤن کے دوران 11,739 غیر قانونی افغان باشندوں کی نشاندہی کی گئی اور واپس بھجوایا گیا۔ افغان شہریوں کی واپسی کے قومی مشن میں تمام پاکستانیوں کا تعاون درکار ہے۔ افغان شہریوں کے غیر قانونی قیام، شناخت کی جعلسازی یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع ایمرجنسی 15 پر دیں۔ اب تک "15" پر موصول اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے 450 افغان باشندوں کو وطن واپس بھجوایا گیا۔ غیر قانونی مقیم باشندوں کی انخلاء مہم میں فیشل ریکگنیشن کیمروں کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔
قانون کی پاسداری
واضح رہے کہ کارروائی صرف غیر قانونی طور پر مقیم باشندوں کے خلاف کی جا رہی ہے اور درست ویزا کے حامل افغان شہریوں کو قانون کے دائرے میں کاروبار، روزگار اور دیگر سہولیات میسر ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا خصوصی فارن نیشنل سیکیورٹی سیل صوبہ بھر میں مانیٹرنگ اور کوارڈینیشن کر رہا ہے۔








