کالعدم تنظیموں اور غیر رجسٹرڈ خیراتی اداروں کی فہرست جاری، کسی قسم کی معاونت فراہم کرنا جرم قرار
محکمہ داخلہ پنجاب کی نئی فہرست
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ داخلہ پنجاب نے کالعدم تنظیموں اور غیر رجسٹرڈ خیراتی اداروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر
قانونی معلومات
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت کالعدم تنظیموں کو کسی قسم کی معاونت فراہم کرنا جرم ہے۔ شہری غیر رجسٹرڈ اور کالعدم خیراتی اداروں کو زکوٰۃ، خیرات اور عطیات ہرگز نہ دیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ دہشتگردی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث کالعدم تنظیموں کی امداد کرنے والے قانون کے شکنجے میں آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے نے کینیڈا اور برطانیہ کے لیے ایک ہی ٹکٹ پر ہوائی اور ٹرین کے سفر کی سہولت فراہم کر دی
رجسٹریشن کی ضروریات
پنجاب میں خیراتی اداروں کیلئے پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹریشن لازم ہے۔ شہری اپنی زکوٰۃ، خیرات اور عطیات صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ اداروں کو دیں۔ تمام رجسٹرڈ اداروں کی تصدیق انکے سرٹیفکیٹ پر موجود کیو آر کوڈ سے کی جا سکتی ہے۔ شہری یقینی بنائیں کہ ان کی امداد دہشتگردوں کی بجائے صحیح حقدار تک پہنچ رہی ہے۔
شکایات اور معلومات
ترجمان نے بتایا کہ کالعدم تنظیموں کی فہرست محکمہ داخلہ پنجاب اور نیکٹا کی ویب سائٹ پر بھی دی گئی ہے۔ شہریوں کو پیغام دیا گیا ہے کہ وہ دھوکہ دہی، دہشتگردی یا ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث تنظیموں کی شکایت محکمہ داخلہ تک پہنچائیں۔ کالعدم تنظیموں کی جانب سے چندہ جمع کرنے کی اطلاع ٹال فری نمبر یا ہیلپ لائن نمبر پر دی جا سکتی ہے۔ اسی طرح شہری رجسٹرڈ اداروں کی تصدیق کیلئے پنجاب چیریٹی کمیشن کے واٹس ایپ نمبر پر میسج کر سکتے ہیں۔








