پنجاب بھر میں ’’مریم کے مہمان دستر خوان‘‘ سج گئے، خوشی کا سماں، وزیر اعلیٰ پنجاب کا اظہار تشکر
لاہور میں مریم کے مہمان دسترخوان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب بھر میں ’’مریم کے مہمان دسترخوان‘‘ سج گئے ہیں۔
دسترخوان کی تیاری
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں مخیر حضرات کے اشتراک سے نگہبان دسترخوان سجائے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے رمضان نگہبان دسترخوان سجانے پر اظہار تشکر کیا اور مخیر حضرات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے روزہ داروں کا بھرپور خیر مقدم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
مہمانوں کی آمد
لاکھوں مہمانوں نے سجے سجائے نگہبان دسترخوان پر روزہ افطار کیا، جہاں مختلف دسترخوان پر قورمہ، بریانی، روح افزاء، پکوڑوں، سموسوں اور دیگر لوازمات سے تواضع کی گئی۔ مخیر افراد اور اداروں کے تعاون سے پنجاب بھر میں 300 سے زائد نگہبان دسترخوان شروع ہو چکے ہیں۔
مختلف شہروں میں افطار
لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد میں روزہ داروں نے پہلا روزہ افطار کیا۔ راولپنڈی، بہاولنگر، بہاولپور میں بھی نگہبان دسترخوان پر روزہ داروں نے افطار کی خوشی منائی۔ چنیوٹ، ڈی جی خان، گجرات اور جھنگ میں بھی ہزاروں افراد مریم کے مہمان بنے۔
مزید علاقوں میں دسترخوان
اٹک، جہلم، قصور اور خانیوال میں نگہبان دسترخوان پر ہزاروں روزہ داروں کی آمد ریکارڈ کی گئی، جبکہ کوٹ ادو، لیہ اور منڈی بہاؤالدین میں بھی روزہ داروں کی بھرپور تواضع کی گئی۔ مری، مظفرگڑھ، اوکاڑہ اور نارووال میں اعلیٰ افسران نے بھی روزہ داروں کے ساتھ افطار کیا۔
وزیر اعلیٰ کا اظہار تشکر
وزیراعلیٰ مریم نواز نے رمضان نگہبان دسترخوان پر لاکھوں لوگوں کی آمد پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ رمضان المبارک احساس کا دوسرا نام ہے۔ ہر فرد کی ضرورت کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے۔








