طے ہو گیا پارلیمنٹ سپریم ہے، قومی یکجہتی اور اتفاق رائے کی شاندار مثال قائم ہوئی :وزیر اعظم
خطاب کے آغاز میں
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں 26ویں آئینی ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے منظوری کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج طے ہو گیا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے۔ یہ ایک تاریخی دن ہے، اور آج ایک نیا سورج نکلے گا جس سے پورے ملک میں روشنی ہو گی۔ ووٹ کے عمل میں کوئی لوٹا شامل نہیں تھا۔ ایسی آئینی ترمیم کی گئی ہیں جن سے ملک کا مستقبل مضبوط اور محفوظ ہو گا۔ اس ترمیم کے ذریعے انصاف کا حصول آسان ہو گا۔ حکومت، اتحادی اور آزاد اراکین نے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: محمد صدیق شیخ نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ممبر کے طور پر حلف اٹھا لیا
قومی یکجہتی کا پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قومی یکجہتی اور اتفاق رائے کی شاندار مثال ایک بار پھر قائم ہوئی۔ محلاتی سازشوں کے ذریعے حکومتوں کو گھر بھیجا جاتا تھا، وزرائے اعظم کی چھٹی کرائی جاتی تھی۔ آج طے ہوگیا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے۔ پی ٹی آئی کے اراکین اس ترمیم میں شامل نہیں تھے، وہ بھی آتے تو اچھا ہوتا۔ منڈلاتے ہوئے خطرناک بادل جو پاکستان پر برسنا چاہتے تھے، وہ بھی ختم ہو گئے۔
قائدین کو خراج تحسین
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ان دونوں رہنماؤں نے آئینی ترمیم کی بنیاد رکھی۔ لوگ ترس ترس کر اس دنیا سے چلے گئے۔ میثاق جمہوریت پر 2006ء میں لندن میں دستخط ہوئے۔ بلاول بھٹو نے اس ترمیم کے لیے خلوص دل سے محنت اور کاوش کی۔ مولانا فضل الرحمان، ایم ولی، عبدالمالک کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اراکین پارلیمینٹ نے ذاتی انا کو ختم کر کے ووٹ دیا ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔