اسرائیل کا جنوبی لبنان میں ہوٹل پر حملہ، 3 صحافی شہید
اسرائیل کا ہوٹل پر حملہ
بیروت (ڈیلی پاکستان آن لائن) اسرائیل نے جنوبی لبنان میں ہوٹل پر حملہ کرکے تین صحافی شہید کردیے۔
حملے کی تفصیلات
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حسبیہ کے علاقے میں نہ تو انخلا کے احکامات تھے اور نہ کوئی وارننگ دی گئی لیکن اس کے باوجود اسرائیل نے حملہ کرکے 3 صحافیوں کو شہید کردیا۔
حزب اللہ سے جھڑپ
اسرائیلی فوج نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے خالی کرنے کا کہہ دیا جبکہ لبنان سرحد پر حزب اللہ سے جھڑپ میں 5 صیہونی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے اور 7 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ میں جاری انسانی بحران
دوسری جانب غزہ میں جبالیہ کیمپ کا محاصرہ کرکے اسرائیلی فوج کی جانب سے معصوم فلسطینیوں کا قتل عام جاری ہے اور اسرائیلی فوج نے چند گھنٹوں میں 10 رہائشی عمارتیں تباہ کردیں۔
نقصانات کی تفصیلات
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 150 فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے جبکہ اسرائیلی ٹینکوں نے کمال عدوان ہسپتال پر گولہ باری بھی کی۔
حزب اللہ کے کمانڈرز کا شکار
واضح رہے کہ اسرائیل نے حالیہ دنوں میں لبنان میں حزب اللہ کے کئی سینئر کمانڈرز اور اہلکاروں کو شہید کیا جن میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ اور قائم مقام سربراہ ہاشم صفی الدین بھی شامل ہیں۔
غزہ میں شہادتوں کی تعداد
اس کے علاوہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اب تک 44 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔