ملیر جیل سے فرار ہونے والا ملزم پنجاب سے گرفتار
کراچی میں فرار قیدی کی گرفتاری
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) - شاہ لطیف انویسٹی گیشن پولیس نے پنجاب کے علاقے میں کارروائی کرکے ملیر جیل سے چند روز قبل فرار ہونے والے قیدری کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جو جیل کی دیوار پھلانگتے ہوئے ٹانگ ٹوٹنے سے زخمی ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی بورڈ کا 12 ویں جماعت کے آرٹس اور کامرس کے نتائج کا اعلان
کارروائی کی تفصیلات
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق، کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن کے تھانے کی انویسٹی گیشن پولیس پارٹی نے جمعے کو پنجاب کے علاقے ڈی جی خان میں کارروائی کرتے ہوئے مفرور قیدی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس آئی او سمیت چار اہلکاروں کی ٹیم خفیہ اطلاع پر پنجاب گئی جہاں پنجاب پولیس کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ انویسٹی گیشن انچارج انسپکٹر ذاکر اللہ کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کی اطلاع انہیں مل گئی ہے، تاہم مزید تفصیلات ملزم کی کراچی آمد کے بعد فراہم کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ملتان ٹیسٹ: تیسرے روز کا کھیل ختم، انگلینڈ نے 3 وکٹ پر 492 رنز بنالیے
قبل از گرفتاری معلومات
یہ واضح رہے کہ گرفتار قید ی کو دو سال قبل سائٹ سپرہائی وے پولیس نے اغوا اور زیادتی کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔ ملزم 20 اکتوبر کو ملیر جیل کے سرکل نمبر ایک بیرک نمبر 5 کے باتھ روم کی کھڑکی کاٹ کر جیل کی دیوار پھلانگ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
جیل حکام کے خلاف کارروائی
اعلیٰ افسران کے حکم پر جیل میں تعینات اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ، ڈیوٹی آفیسر سمیت آٹھ پولیس اہلکاروں کے خلاف شاہ لطیف ٹاؤن تھانے میں غفلت اور لاپرواہی برتنے کی دفعات کے تحت مقدمہ الزام نمبر 24/1350 درج کر کے سات پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ یہ مقدمہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ملیر جیل ذوالفقار علی پیرزادہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔