جنرل عاصم منیر 2028 تک چیف آف آرمی سٹاف رہیں گے، خواجہ آصف
آرمی چیف کی مدت میں توسیع
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری کے بعد چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر 2028 تک آرمی چیف رہیں گے۔ سینیٹ اور قومی اسمبلی کی جانب سے سپریم کورٹ میں ججز کی تعداد بڑھانے اور سروسزچیفس کی مدت ملازمت 3 سے بڑھا کر 5 سال کرنے کا ترمیمی بل 2024 کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور: اسلام آباد آنے اور واپس پشاور جانے کی کہانی، جاوید لطیف کا سوال
ترمیمی ایکٹ کی تفصیلات
سماء نیوز کے مطابق پاس ہونے والے نئے ترمیمی ایکٹ کے مطابق سروسز چیفس کی مدت ملازمت 3 سے بڑھا کر 5 سال کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سروسز چیفس کی توسیع کی مدت بھی 3 سے بڑھا کر 5 سال کر دی گئی ہے۔ مزید برآں، سروسز چیفس کی ریٹائرمنٹ کے لیے 64 سال عمر کی حد بھی ختم کر دی گئی ہے، اور توسیع کے دوران رینک کی مدت یا عمر کی پابندی کا اطلاق بھی نہیں ہوگا۔ بل کے تحت پاک فوج میں جنرل کی ریٹائرمنٹ کے قواعد کا اطلاق آرمی چیف پر نہیں ہوگا، جس کا مطلب یہ ہے کہ تعیناتی، دوبارہ تعیناتی یا ایکسٹینشن کی صورت میں آرمی چیف بطور جنرل کام کرتا رہے گا۔
وزیر دفاع کا بیان
ترمیمی بل منظور ہونے کے بعد سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جنرل عاصم منیر 2028 تک پاکستان کے آرمی چیف رہیں گے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پہلے کئی آرمی چیفس کو توسیع دی گئی، جسے سویلین حکومتوں کو پارلیمنٹ سے تائید کرانا پڑی۔ اب مدت ملازمت میں توسیع کا باب ختم ہوگیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف کی مدت کے تعین سے مستقبل میں بھی جمہوری حکومتوں کو فائدہ ہوگا۔