جمہوریہ مالٹا کے اعزازی قونصل جنرل حسن محمود زیدی کا دورہ سندس فاؤنڈیشن، زیرعلاج بچوں میں تحائف تقسیم

حسن محمود زیدی کا سندس فاؤنڈیشن کا دورہ
لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان میں جمہوریہ مالٹا کے اعزازی قونصل جنرل حسن محمود زیدی نے سندس فاؤنڈیشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا اور وہاں موجود مریضوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے زیر علاج بچوں میں گفٹس بھی تقسیم کیے۔
یہ بھی پڑھیں: بیجنگ اور لندن نے شدید سموگ کا سامنا کیسے کیا؟
فاؤنڈیشن کی خدمات کی تعریف
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن محمود زیدی نے سندس فاؤنڈیشن کی انسانیت کی خدمت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن کا کام معاشرے کے مستحق اور نادار مریضوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اپنے طور پر سندس فاؤنڈیشن کے اس عظیم مشن میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے اور بین الاقوامی سطح پر ادارے کے کام کو اجاگر کریں گے۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کے عملے کی محنت اور جذبے کو بھی خراج تحسین پیش کیا، اور کہا کہ یہ ادارہ انسانیت کی خدمت کا ایک بہترین عملی نمونہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس پر پختون شہریوں کی نسلی بنیادوں پر گرفتاری کا الزام، پولیس کی جانب سے تردید
ڈاکٹر زنیرہ شکیل کی بریفنگ
اس موقع پر سندس فاؤنڈیشن کی سینئر ڈاکٹر زنیرہ شکیل نے فاؤنڈیشن کی خدمات، خصوصاً تھیلیسیمیا اور دیگر خون کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے علاج اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے جاری کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ 7000 سے زائد تھیلیسیمیا کے مریضوں کے ساتھ ساتھ ہیموفیلیا اور خون کے دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کا سندس فاؤنڈیشن میں مفت علاج کیا جارہا ہے۔ مریضوں کو مہینے میں کم از کم دو بار خون کی ضرورت ہوتی ہے، جو کہ سندس فاؤنڈیشن فراہم کر رہا ہے، اس کے علاوہ ان مریضوں کو ہر قسم کی ادویات بغیر کسی معاوضے کے فراہم کی جاتی ہیں۔
صدر سندس فاؤنڈیشن کی جانب سے شکرگزاری
اس موقع پر صدر سندس فاؤنڈیشن یاسین خان نے حسن محمود زیدی کا سندس فاؤنڈیشن آمد پر شکریہ ادا کیا اور ان کے جذبات کو سراہا۔ سی او او سندس فاؤنڈیشن عبدالستار، ڈائریکٹر فنانس علی رؤف اور ایڈمنسٹریٹر محمد یعقوب بھی تقریب میں موجود تھے۔